اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) پاکستان نے ہندوستان کو خبردار کیاہے کہ مقبوضہ کشمیر میں منفی ہتھکنڈے فی الفور بند کیے جائیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی ہتھکنڈوں کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں، ہندوستان کے مقبوضہ علاقے کی مزید تقسیم کے اشارے انتہائی خطرناک ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان زاہدحفیظ چودھری نے کہاکہ بھارت مسلسل آبادی کے تناسب میں سنگین تبدیلیوں کا منصوبہ رکھتا ہے ،بھارت ایسے ہتھکنڈوں کے استعمال سے اپنے غیرقانونی قبضے کو مزید طول دینا چاہتا ہے ، ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ قبضے کے کسی نئے ہتھکنڈے کے کوئی قانونی اثرات مرتب نہیں ہوں گے ، ہندوستان جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتا، جموں و کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت متنازعہ مسئلہ ہے ،انہوں نے کہاکہ ہندوستان جموں و کشمیر میں غیرقانونی اقدامات قبول کرنے کیلئے کشمیریوں اور پاکستان کو مجبور نہیں کرسکتا،جموں و کشمیر میں بھارتی یکطرفہ غیر قانونی اقدامات عالمی قانون، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے ، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب، حتمی تشخص تبدیل کرنے کی کوششوں کی بھرپور مخالفت کرتا رہے گااس لئے ہندوستان غیرقانونی اورعدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات سے باز رہے ، ہندوستان سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اورجنوبی ایشیا کی امن و سلامتی کے درپے مزید اقدامات سے گریز کرے ،زاہد حفیظ نے کہاکہ اقوام متحدہ ،عالمی پارلیمنٹ، انسانی حقوق تنظیمیں، عالمی میڈیا سنگین صورتحال کا ادراک کرے ،بھارت مقبوضہ علاقے میں مزید غیرقانونی اقدامات فی الفور روک دے ، پاکستان کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کی بھرپور، پرعزم حمایت جاری رکھے گا،پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں، کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کشمیر کا مستقل حل چاہتا ہے ۔