سرینگر(این این آئی، صباح نیوز )مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ضلع شوپیاں میں گھر گھر تلا شی لی اور تشدد کر کے متعدد نوجوانوں کو زخمی کر دیا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوج کی 34راشٹریہ رائفلز ، سینٹرل ریزروپولیس فورس اور اسپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے اوند راولپورہ میں میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران کشمیری نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کر دیا ۔ مقامی افراد نے میڈیا کو بتایا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے علاقے میں گھر گھر تلاشی کی کارروائی کے دوران گھروں میں زبردستی داخل ہو کر لوگوں سے درجنوں موبائیل فون چھین لئے اور متعدد نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے کئی زخمی ہو گئے ۔ ادھر جموں وکشمیر سالویشن مومنٹ نے کہا ہے کہ جنوبی کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے پیش نظر3سو سے زائد نو جوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔