مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علا قے ماچھل میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں گھر گھر تلاشی کے دوران تین کشمیریوں کو شہید کر دیا جبکہ مژبل سیکٹر میں ایک جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کے افسر سمیت 4بھارتی اہلکار ہلاک ہو گئے ۔ یہ بات اب ڈھکی چھپی نہیں رہی کہ بھارتی فوج مقبوضہ وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن کے نام پر مختلف علاقوں کا محاصرہ کر کے گھروں کی تلاشی لیتی ہے جس میں چادر اور چار دیواری کے تقدس کو نہ صرف ملیا میٹ کیا جاتا ہے بلکہ بے گناہ کشمیریوں کو مقابلوں میں شہید کر دیا جاتا ہے، آج کل بھارتی فوج نے کپواڑہ کے متعدد علاقوں کو اپنی ظالمانہ مہم جوئی کا نشانہ بنایا ہوا ہے اور کشمیری عوام کے خلاف پیلٹ گنوں کا استعمال کیا جا رہا ہے ۔مقبوضہ وادی میں 28 نومبر سے 19دسمبر تک آٹھ مراحل میں بلدیاتی انتخابات کرائے جا رہے ہیں اور مودی حکومت ان انتخابات میں 6جما عتی بھارت نواز سیاسی اتحاد کو کامیاب کرانا چاہتی ہے اور اس کیلئے بڑے پیمانے پر گھر گھر تلاشیاں لے کر کشمیریوں کو نشانہ بنا یا جا رہا ہے۔گزشتہ سال اگست سے رواں سال اکتوبر تک بھارتی فوجی 446کشمیریوں کو پیلٹ گنوں سے زخمی کر چکے ہیں۔ یہ صورتحال اس امر کی متقاضی ہے کہ عالمی برادری خصوصا نئی امریکی انتظامیہ کو مقبوضہ وادی میں بھا رتی ظلم و ستم بند اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔