سری نگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی فورسز نے آپریشن کے دوران مزید 3کشمیری مجاہدین کو شہید کردیا ،تین روز میں شہادتیں18ہو گئیں ، کارروائی میں ایک فوجی شدید زخمی ہوگیا۔ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیرکے جنوبی ضلع پلوامہ کے علاقے کنگن میں بدھ کے روز صبح علاقہ کو محاصرے میں لے کرگھر گھر تلاشی شروع کر دی، ضلع میں موبائل انٹرنیٹ سروس کو بھی معطل کر دیا گیا۔ سائوتھ ایشن وائر کے مطابق آپریشن کے دوران ضلع کے آستان محلہ کنگن علاقے میں عسکریت پسندوں اور سرکاری فوج کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں بھارتی فورسز نے معروف معالج ڈاکٹر مظفر احمد کو تشدد کرکے زخمی کردیا۔دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فضائیہ نے جنوبی کشمیر کے علاقے بیجبہارہ میں سرینگر جموں شاہراہ سے متصل 3 کلومیٹر طویل رن وے کی تعمیر شروع کردی ہے ۔ہنگامی لینڈنگ کی سہولت کیلئے رن وے کی یہ تعمیر ایک ایسے وقت میں شروع کی گئی ہے جب لداخ میں بھارتی فوج اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان لائن آف ایکچول کنٹرول پر محاذآرائی جاری ہے ۔ نواکدل کے علاقے کے لوگوں نے صرف 12 دن کے دوران ان مکانات کی تعمیر کے لئے تقریبا 3 کروڑ روپے کی امداد اکٹھا کر لی جو بھارتی فوج نے 19 مئی کوکورڈن اور سرچ آپریشن کے دوران تباہ کردیئے گئے ۔