نئی دہلی،سرینگر( نیوزایجنسیاں)بھارت کی سپریم کورٹ نے قراردیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں فی الحال کرفیو اور پابندیاں برقرار رہیں گی جبکہ بھارتی حکومت نے عدالت عظمیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ وادی میں عائدپابندیاں چند روز میں ختم کردی جائینگی۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز بھارتی سپریم کورٹ نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیخلاف 5 درخواستوں کو تکنیکی بنیادوں پر قابل سماعت نہ ہونے پر خارج کرتے ہوئے آئینی اور قانونی غلطیاں درست کرکے درخواستیں دوبارہ دائر کرنے کی ہدایت کردی۔بھارتی عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیئے کہ آرٹیکل 35- اے اور 370 کے خاتمے پر مودی سرکار کو مزید وقت دینا چاہئے اسلئے مقبوضہ کشمیر میں فی الحال کرفیو ہٹایا جائیگا نہ انٹرنیٹ، موبائل فون، اور لینڈ لائن کی بندش ختم ہوگی۔سرکاری وکیل تشار مہتا نے عدالت کو آگاہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر سے عوامی تحریک اور مواصلاتی نظام پر عائد پابندی ں آئندہ چند روز میں ختم کردی جائینگی۔حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جارہا ہے ۔آرٹیکل 35-اے اور 370 کی بحالی کیلئے بھارتی وکیل منوہر لال شرما اور مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی کشمیر ٹائمز کی مدیر اعلیٰ انورادھا بھاسن سمیت 5 افراد نے درخواستیں دائر کرتے ہوئے وادی میں کرفیو کے خاتمے اور مواصلاتی بندش کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔