سرینگر (نیوزایجنسیاں )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مومن احمد گوجری کو بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، سنٹرل ریزرو پولیس فورس اور سپیشل آپریشن گروپ نے قصبے کے علاقے کوکر حمام میں مشترکہ کارروائی کے دوران شہید کیا۔ دریں اثنا بارہمولہ میں ہی مشتعل مظاہرین کے حملے میں بھارتی پولیس کا ایک افسر ہلاک اور پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ کا ایک اہلکارزخمی ہوگیا ۔ بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں بھی اسی طرح کی کارروائی شروع کی جہاں نوجوانوں نے گھروں سے باہر آکر شدید احتجاج کیا اور بھارتی فورسز نے مظاہرین کیخلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال کیاجس کے بعد فورسز اہلکاروں اور نوجوانوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔سرینگر میں بھارتی فوجیوں نے گھر گھر تلاشی آپریشن کے دوران مزید چالیس افراد گرفتار کرلئے ۔ بھارتی پولیس نے چندی گڑھ میں پلوامہ سے تعلق رکھنے والے تین کشمیری نوجوانوں کو گرفتارکرلیا۔ادھر نظربند حریت رہنماؤں نے جمعہ کو مارچ کی کال دیدی۔ حریت رہنماؤں نے اپیل کی کہ تمام کشمیری نماز جمعہ کے بعد بھارتی مظالم کیخلاف سڑکوں پر نکلیں۔نظربند حریت رہنماؤں نے پوسٹرز کے ذریعے کشمیریوں تک اپنا پیغام پہنچایا۔حریت رہنمائوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام رکاوٹوں اور بندشوں کو توڑ کر وادی کے مرد، خواتین، نوجوان، بچے ، بوڑھے سب جمعہ کی نماز کے بعد بھارت کیخلاف مارچ کیلئے نکلیں۔انہوں نے امام مساجد سے بھی اپیل کی کہ جمعہ کے خطبات میں کشمیر میں غیر کشمیریوں کی آبادکاری کی بھارتی مذموم سازش کے بارے میں بھی لوگوں کو بتایا جائے ۔