سرینگر (این این آئی،نیٹ نیوز)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے کشمیری اخبار کے مدیر اور 2طالب علموں سمیت 9افراد گرفتارکو گرفتار کرلیا ۔بی جے پی نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے حکومت سے مذاکرات کو دہشتگردی کے اقدامات کے منافی قراردیدیا ،حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ بھارت وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پر سنجیدگی دکھائے ۔دوسری جانب بھارتی پولیس نے سرینگر میں سینئرکشمیری صحافی غلام جیلانی قادری کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں 1990میں ایک کیس میں گرفتارکرلیا ، اہلخانہ نے کہاکہ شہید گنج پولیس سٹیشن سے پولیس کی ایک پارٹی رات ساڑھے گیارہ بجے ان کے گھر میں داخل ہوگئی اور غلام جیلانی کو اپنے ساتھ لے گئی،غلام جیلانی کی طبیعت ٹھیک نہیں رہتی اس لئے ہم انہیں دوائی دینے پولیس سٹیشن گئے جہاں ہمیں ان کی باضابطہ گرفتاری کا پتہ چلا۔62سالہ غلام جیلانی قادری سرینگر سے شائع ہونے والے روزنامہ ’’آفاق‘‘ کے پرنٹر و پبلشرہیں۔ رات گئے انہیں رہا کردیا گیا۔دریں اثناء بھارتی فورسز نے سرینگر، ضلع پلوامہ میں ترال کے علاقے پانزو ہ میں چھاپوں کے دوران دو طالب علموں سمیت تین نوجوانوں کو گرفتارکیا ہے گرفتارنوجوانوں میں ظہور احمد شیخ، عاقب احمد ملک اور بشیر احمد ملک شامل ہیں،بھارتی فورسز نے محاصرے کی کارروائیوں میں گھروں میں توڑ پھوڑ بھی کی ۔دریں اثناء جموں خطے کے ضلع رام بن میں ایک سڑک حادثے میں دو افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔حکومتی جماعت کے رکن انیل گپتا نے کہا کہ حریت رہنماؤں کی جانب سے پیشگی شرائط قبول کرنے سے قبل مذاکرات کے نتیجے میں انسداد دہشت گردی کے تمام اقدامات پر پانی پِھر جائے گامحض نئی دہلی سے مذاکرات کی اپیل ذہن تبدیل ہونے کی علامت نہیں ہے ۔ حریت کانفرنس نے علی گیلانی کی نظربندی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برداری بالخصوص اقوام متحدہ نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری بھارتی ظلم و بربریت کا سخت نوٹس لے ۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی طرف سے مذاکرات کی باربار کی جانیوالی پیش کش پر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے ۔