نئی دہلی،سرینگر(نیٹ نیوز،این این آئی،کے پی آئی) مقبوضہ جموں وکشمیر کی 3اہم سیاسی جماعتوں نے آرٹیکل 370کی بحالی کیلئے مل کر جدوجہد کرنے کیلئے اتحاد کا اعلان کردیا۔اتحاد میں فاروق عبداللہ کی نیشنل کانفرنس ،محبوبہ مفتی کی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی اور سجاد لون کی جموںاینڈ کشمیر پیپلز کانفرنس شامل ہیں۔اتحاد کے سربراہ فاروق عبد اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ہم مسئلہ کشمیر کا حل بھی چاہتے ہیں ۔نیشنل کانفرنس کے سربراہ نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کے حوالے سے حال ہی قائم ہونیوالے ’’گپکر اعلامیہ‘‘ پر آئندہ کے لائحہ عمل کو آگے بڑھانے کیلئے اجلاس گھر پر طلب کیا تھا جس میں اتحاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہا ہماری جنگ ایک آئینی جنگ ہے ، ہم چاہتے ہیں بھارتی حکومت ریاست کے عوام کو 5 اگست 2019 سے قبل کے حقوق واپس کرے ۔ انہوں نے مزید کہا ہم جموں کشمیر اور لداخ کی سابقہ حیثیت کی بحالی کے لئے جدوجہد کریں گے ۔ محبوبہ مفتی کی رہائی پر ان کی جماعت پی ڈی پی کے ترجمان وحید پرے نے کہا ہے کہ پی ڈی پی بھارت کے خلاف احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔دریں اثنا مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران پھیلنے والے خوف وہشت کے باعث ایک معمر خاتون کی جان چلی گئی۔مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزیدایک اور کشمیری شہید ہو گیا۔ کے پی آئی کے مطابق نوجوان کوبھارتی فوج نے جمعرات کو ٹنگڈار سیکٹر میں در انداز قراردے کر شہید کر دیا ۔ بھارتی فوجی کارروائی کے خلاف مشتعل شہریوں نے کئی گھنٹے تک سرینگر،لہہ شاہراہ پر بھارتی فوجی کانوائے کو روکے رکھا۔دریں اثناشوپیان میں شہیدخورشید احمد شاہ،اورر سیدرئیس نامی نوجوان کوہندوارہ میں سپردخاک کردیا گیا۔ ادھر نئی دہلی میں ایک کشمیری خاتون کو غنڈوں نے تشدد کا نشانہ بنایا۔دوسری طرف مقبوضہ کشمیر میں کوروناوائرس سے مزید 12افرادجان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔