مقبوضہ بیت المقدس ،عزہ، جنین(صباح نیوز) اسرائیلی وزارت ہائوسنگ نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے قلندیا میں ہوائی اڈے کے لیے مختص اراضی پر ایک بڑی یہودی کالونی تعمیر کرنے کامنصوبہ تیار کر لیا ۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شمالی بیت المقدس میں قلندیہ میں خالی اراضی پر یہودی کالونی تعمیر کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا حالانکہ امریکا کے مشرق وسطیٰ کے لیے تیار کردہ منصوبے ’’سنچری ڈیل‘‘میں قلندیہ کے اس خالی علاقے کو مجوزہ فلسطینی ریاست کے زیرانتظام سیاحتی علاقہ قرار دیا گیا۔ قلندیہ کی خالی اراضی پر یہودی کالونی کی تعمیر کا منصوبہ گذشتہ 10 روز سے زیر غور تھا۔ ۔منصوبے کے تحت قلندیہ کی اس اراضی کے 12سو دنم رقبے پر چھ ہزار 900رہائشی مکانات، 3ہزار مربع میٹر پر بازار اور مارکیٹیں اور 45ہزار مربع میٹر رقبے پر ہوٹل، پانی کی ٹینکیاں اور دیگر تنصیبات قائم کی جائیں گی۔ علاوہ ازیں اسرائیلی فوجیوں نے غزہ سے اسرائیلی سرحدی علاقے میں داخل ہونے پر ایک فلسطینی نوجوان کو حراست میں لے لیا۔تاہم ابھی تک قیدی نوجوان کی شناخت نہیں ہو سکی۔دریں اثنا مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی شہریوں نے جنین میں فلسطینی اتھارٹی کی اسرائیل دوستی کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ مظاہرین نے فلسطینی اتھارٹی کے عہدیداروں کی اسرائیلی حکام کے ساتھ ملاقاتیں اور اسرائیلیوں کی رام اﷲ میں ضیافتوں کے خلاف نعرے بازی کی۔عباس ملیشیا نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر وحشیانہ لاٹھی چارج اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ جن میں سے تین نوجوانوں کی حالت تشویشناک ہے ۔