سرینگر،برسلز( نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی ریاستی دہشتگردی بدستور جاری ہے ، نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران مزید2 کشمیری نوجوانوں کو شہیدکردیا گیا جبکہ 19 کوگرفتارکرلیا گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارتی فورسز نے ضلع اسلام آباد میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے دونوں کشمیری نوجوانوں کی جان لی جبکہ پلوامہ، شوپائیاں، گندربال ، بارامولا،کپواڑہ اور ہنڈوارہ میں گھروں پر چھاپے مارکرنوجوانوں کو حراست میں لیا۔مقبوضہ وادی میں مسلسل لاک ڈائون کے باعث معمولات زندگی بدستور مفلوج ہیں۔ادھر یورپی یونین کی کونسل آف دی یورپین یونین نے اہم اجلاس کے دوران رواں سال(2020) کیلئے ترجیحات طے کر کے فہرست تیار کرلی ،تاہم مسئلہ کشمیر کو شامل نہیں کیا۔ کونسل کی مذکورہ فہرست میں حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ انسانی حقوق کے کام کو آگے بڑھانے کیلئے اقوام متحدہ سے ہر طرح کا غیر مشروط تعاون کرینگے اور وہ اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی دیگر تنظیموں کو اپنے علاقوں یہاں تک کے متنازعہ علاقوں تک بھی رسائی دینگے ۔