سرینگر،مظفرآباد ( نیوز ایجنسیاں )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے تلاشی اور سرچ آپریشن کے دوران مزید درجنوں بیگناہ نوجوانوں کوگرفتار کر کے ان پر وحشیانہ تشدد کیا ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوجیوں نے آپریشن کے دوران دو بیگناہ نوجوانوں کو گرفتار کیا ، نوجوانوں کی شناخت آصف احمد ڈار اور مزمل احمد پیر کے طور پر کی گئی ہے ۔ بھارتی فورسز نے دونوں نوجوانوں کا تعلق حزب المجائدین سے ہونے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ دیگر علاقوں سے بھی کئی نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ حزب المجاہدین نے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین پرحملے سے متعلق بھارتی میڈیا میں رپورٹوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید صلاح الدین پر کوئی حملہ نہیں ہوا ، حز ب المجاہدین کے ترجمان سلیم ہاشمی نے نے اپنے جاری بیان میں بھارتی میڈیا کو مشورہ دیا کہ بھارتی عوام کو چینی افواج کے سامنے بھارتی فوجیوں کی بے بسی اور بے کسی کی کہانی بیان کریں،بے بنیاد خبروں سے بھارتی عوام کا دل بہلانے کی کوششیں مت کریں۔ مقبوضہ کشمیر میں کشمیر ٹریڈ چیمبر نے لاک ڈائون کے نتیجے میں ہونے والے معاشی نقصانات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قابض بھارتی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تاجروں کو ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے اقدامات کرے ۔ کشمیر ٹریڈ چیمبر کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ مسلسل محاصرے کی وجہ سے تاجروں کا سینکڑوں کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے جس کی وجہ سے انکی مالی حالت انتہائی خراب ہوچکی ہے دریں اثنا مجاہد کمانڈر شہید برہان وانی کے اہلخانہ نے ضلع گاندر بل کے علاقے سونہ مرگ میں موجود انکی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ جموں میں بھارتی فوجی دبائو کے باعث حرکت قلب بند ہو جانے سے ہلاک ہو گیا۔