سرینگر (کے پی آئی،این این آئی ،نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے جنوبی ضلع کولگام میں سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 نوجوانوں پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے ،ضلع راجوری میں بھی بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا جبکہ گھر گھر تلاشی کا عمل بھر جاری رہا ، بھارتی فوج نے کئی مقامات کا محاصرہ کر لیا ۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے میں دریائے جہلم سے ایک لاش برآمد کی گئی جس کا سر اور ٹانگیں کٹی ہوئی تھیں۔ گاندر بل قصبے سے لاپتہ ہونے والے پی ایچ ڈی سکالر ہلال احمد کے اہلخانہ نے اپنے پیارے کے بارے میں معلومات کی فراہمی کیلئے سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ مظاہرین جن میں بچے اور عورتیں بھی تھیں پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے جن پر یہ عبارت تحریر تھی کہ ’’ ہلال احمد کو قابض فورسز نے جبری طور پر لاپتہ کر دیا ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے جاری کردہ تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تنازعہ کشمیر مقبوضہ کشمیر میں انسانی جانوں پر بہت بھاری ثابت ہو رہا ہے ،یہ دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں لوگ انسانی حقوق کے بغیر زندگی بسر کر رہے ہیں ، مقبوضہ علاقے میں لوگوں کا قتل، ماورائے عدالت پھانسیاں ، گرفتاریاں ، تشدد ، پرامن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال ، جائیدادوں کی تباہی اور خواتین کی آبروریزی معمول بن چکا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں ہفتہ کے روز کو رونا سے مزید تین شہری جاں بحق ہونے سے مرنے والوں کی تعداد125تک بڑھ گئی ۔