سرینگر(92 نیوزرپورٹ،نیٹ نیوز،ایجنسیاں ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ قابض بھارتی فوج نے ضلع کولگام کے خارجی اور داخلی راستوں کو بند کرکے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران خواتین کیساتھ بدتمیزی کی گئی جب کہ بچوں اور بزرگوں کو ہراساں کیا گیا ۔ شہداء کے اہل خانہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے قابض بھارتی فوج ، حکومت کے خلاف اور جدو جہد آزادی کشمیر کے حق میں شدید نعرے بازی کی ، تین شہید نوجوانوں کی شناخت فیاض، عادل، محمد شاہد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر میں 4 جی انٹرنیٹ پر پابندی میں مزید توسیع کردی ۔ سرینگر(نیٹ نیوز) بھارتی حکومت نے دو دن قبل مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے جاری کیے گئے نئے ڈومیسائل قانون میں ترمیم کرتے ہوئے مقامی افراد کو تمام عہدوں کی نوکریوں کیلئے اہل قرار دے دیا ہے ۔بدھ کو حکومت نے نئے ڈومیسائل قوانین متعارف کراتے ہوئے مقامی افراد کے لیے صرف گروپ 4 تک کی نوکریاں مختص کردی تھیں ،سیاسی اور اپوزیشن جماعتوں نے اعلامیے پر شدید احتجاج کیا تھا جس پر حکومت نے نوٹیفکیشن واپس لینے کا اعلان کردیا ۔ دریں اثنا او آئی سی نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے سفاکانہ ڈومیسائل قانون کی مذمت کی ۔ او آئی سی کے انسانی حقوق کے ذیلی ادارے نے نئے ڈومیسائل قانون کو غیر قانونی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار د یا ہے ۔