سرینگر،مظفرآباد ، لندن ( نیوزایجنسیاں ) مقبوضہ کشمیر کے علاقہ پلوامہ میں بھارتی فوج کے سرچ آپریشن کے دوران جھڑپ میں متعدد بھارتی فوجی زخمی ہوگئے جبکہ بھارتی فوج نے جیش محمد کے دو عسکریت پسندوں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جمعہ کی صبح بھارتی فوج نے پلوامہ کے علاقے زینت راگ کو محاصرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران علاقہ مکینوں کو ہراساں کرنے کے علاوہ انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ بعد ازاں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں متعددبھارتی فوجی زخمی ہوگئے ۔ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ، انہیں علاقے میں جیش محمد کے مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی جس پر علاقے کو محاصرے میں لیکر آپریشن کیا گیا۔ بھارتی فوج نے مارے جانے والے عسکریت پسندوں کے غیر ملکی ہونے کا دعویٰ کیا ہے ۔ ایک کی شناخت ابو قاسم کے نام سے کی اور اسے جیش محمد کا اہم کما نڈر قرار دیا ہے ۔ادھر بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ پر دنیا بھر میں کشمیر ی کل یوم سیاہ منائیں گے ۔مظفرآباد میں برہان وانی شہید چوک سے صبح ساڑھے 9بجے بھارت مخالف احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔سیاہ پرچم لہرا اور سیاہ غبارے فضا میں چھوڑ کر بھارت کے مکروہ اور جھوٹے جمہوری چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا۔ چیئرمین پاسبان حریت عزیراحمدغزالی نے کہا عالمی برادری کشمیری عوام سے حق خودارادیت کا وعدہ پورا کرے ۔ لندن میں کشمیری کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری یاسین نے کہا بھارتی سیکولرازم کا پردہ چاک کرنے اورکشمیر میں غیر معینہ کرفیو اور لاک ڈائون کیخلاف ہزاروں افراد کل بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے ۔مودی کے اقدامات کیخلاف پوری دنیا میں بھارتی سفارتخانوں کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرے کریں گے ۔تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے بھارتی میڈیا کی بے بنیاد اور جھوٹے رپورٹوں پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج کے دوران کشمیریوں کے بھارتی آئین کی کاپیاں اور بھارتی پرچم نذر آتش کرنے کے کوئی عزائم نہیں ۔