ممبئی (این این آئی)بھارتی پولیس نے مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور پابندیوں کے خلاف بطور احتجاج بھارتی سول سروس سے مستعفی ہونے والے افسر کنن گوپی ناتھ کو بھارتیہ جنتاپارٹی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت کی طرف سے پاس کئے جانے والے متنازعہ شہریت بل کے خلاف ایک احتجاجی مارچ کے دوران حراست میں لے لیا ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ممبئی زون ون کے ڈپٹی کمشنر پولیس سنگرام سنگھ نشانندر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ کنن گھوپی ناتھ لوگوں کے اس گروپ میں شامل تھا جو شہریت بل کے خلاف احتجاج کے لئے ایک ہوٹل کے باہر جمع ہوا تھا ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا پولیس نے گھوپی ناتھ سمیت سب لوگوں کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔ کنن گھوپی ناتھ نے بعدازاں اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ کہ ممبئی پولیس نے احتجاج شروع ہونے سے پہلے ہی غیر قانونی طور پر حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا۔انہوں نے ٹویٹ میں بھارتیوں کو مخاطب کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’’نکل آئو اور اپنے آئینی حقوق دوبارہ حاصل کروورنہ یہ ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائیں گے ۔