واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکہ میں پاکستانی سفیر اسد مجید نے کہا ہے کہ بھارتی رویے سے پیدا ہونے والے حالات خطے کے امن اور سکیورٹی کیلئے بڑا خطرہ ہیں۔واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا ہمیں سب سے زیادہ تشویش مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران پر ہے جہاں بھارت نے 90 لاکھ کشمیریوں کو قید کر رکھا ہے ۔ وہاں لوگوں کے ساتھ بھارتی فوجی درندے کیا سلوک کر رہے ہیں،کسی کو کچھ پتہ نہیں چل رہا ۔بھارت ان پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں فوراً آزاد مبصرین کو بھیجا جائے تاکہ اصل صورتحال سامنے آسکے ۔ عالمی برادری کو چاہیئے کہ وہ بھارت کو اپنے اقدامات واپس لینے پر مجبور کرے ۔ پاکستان کے اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں جانے کی وجہ سے ہی دنیا اب کشمیر کی پچیدہ صورتحال پر اپنے تفکرات کا اظہار کر رہی ہے ۔ ہمارا مقصد یہی تھا کہ انکی توجہ اس حساس مسئلے پر مبذول کرائی جائے ۔ بھارت نے کشمیر میں جو رویہ روا رکھا ہے اسے دنیا دیکھ رہی ہے ۔ امریکی ہائوس کمیٹی کے چیئرمین سمیت تمام لوگ تشویش کااظہارکررہے ہیں، امریکی صدر کو بھی کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے ۔ امریکی صدر نے 3 بار کشمیر پر اپنا کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کی لیکن بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے حالات اور معاملات دن بدن ابتر ہوتے جا رہے ہیں ۔قبل ازیں اسد مجید نے ورجینیا میں یوم آزادی کے حوالے سے ایک اجتماع میں کیک کاٹا اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر میں انسانی بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔ اقوام عالم کا اس کا نوٹس لینا اب وقت کی ضرورت ہے ۔