سرینگر ، واشنگٹن (نیوزایجنسیاں )مقبوضہ کشمیر میں ہفتہ کو مسلسل 132ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرہ جاری رہا ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دفعہ 144کے تحت نافذ پابندیوں اور انٹرنیٹ اور پری پیڈ موبائل فون سروسز کی معطلی کے باعث لوگوں خاص طور پر پیشہ ور افراد،طلبائ، صحافیوں، ڈاکٹروں اور تاجروں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ محاصرے اور پابندیوں کی وجہ سے لوگوں کو غذا، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی سخت قلت درپیش ہے ۔تازہ برفباری اور بارشوں کے بعد بڑھنے والی سردی نے محاصرے کے باعث پہلے سے مشکلات کا شکار کشمیریوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیرکے سابق وزیراعلیٰ اورنیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ کی نظربندی میں تین ماہ کی توسیع کر دی گئی۔ انہیں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت اگست سے نظربند رکھا گیا ہے ۔ ان کے بیٹے اورسابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ اورمحبوبہ مفتی کوبھی نظربند کیا گیا ہے ۔ جموں وکشمیرکے دوسرے لیڈروں کو بھی 11 اگست کے بعد انتظامیہ نے نظربند کردیا ہے ۔کولگام کے علاقے ٹینگ پورہ میں بھارتی خفیہ ادارے کے افسر نے نئی دلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طالبعلم اعجاز احمد راتھر کے گھر میں گھس کر اس کے والدین کو ہراساں کیا اور جان سے مارنے کی دھمکی دیدی۔اعجاز احمد راتھرنے ’’ٹیلیگراف ‘‘ کو بتایا کہ واقعہ 7 دسمبر کو پیش آیا۔طالبعلم کے مطابق بھارتی خفیہ ادارے کے افسر نے اس کے والدین سے کہا گولی کسی شخص کا نام پتہ لیکر نہیں چلتی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق’’ جینو سائیڈ واچ ‘‘کے صدر ڈاکٹر گریگوری سٹین ٹن نے امریکی کانگریس کی ایک بریفنگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور آسام میں مسلمانوں کی نسل کشی کی تیاریاں جاری ہیں۔ مودی حکومت میں نازی حکومت کی تمام خصوصیات موجود ہیں۔ قوم پرستی کی انتہا ہی فاشزم اور نازی ازم ہے ۔یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے کی سکالر ڈاکٹر انگانہ چیٹرجی نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے بریفنگ میں حصہ لیتے ہوئے مودی حکومت کے مقبوضہ کشمیر میں اقدامات کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی رقیب حمید نائیک نے کہا مقبوضہ علاقے میں جاری لاک ڈاؤن گزشتہ دہائی کے دوران کیا جانے والے بدترین محاصرہ ہے ۔ انسانی حقوق کی کارکن Ms Teesta Setalvadنے بھی ویڈیوکانفرسنگ کے ذریعے بریفنگ میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا آسام میں این آر سی ریاست میں مسلمانوں کیساتھ امتیازی سلوک کاباعث ہے ۔