واشنگٹن (92 نیوزرپورٹ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم نے امریکی سیاستدانوں میں بے چینی پیدا کر دی۔ امریکی ارکان کانگریس نے بھارتی پروپیگنڈا مسترد کر دیا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت لاک ڈائون فوری ختم کرے اور مواصلاتی نظام بحال کرے ۔امریکہ کے 7 ارکان کانگریس جن میں الہان عمر، رول گریجلوا، اینڈی لِیون، جیمز میکگورن، ٹیڈ لیو، ایلن لووینتھل اورڈونلڈ بیئر جونیئر شامل ہیں،نے امریکہ کے پاکستان اور بھارت میں موجودسفیروں کے نام خط لکھ ڈالا۔ خط میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ۔خط میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بندش کو ایک ماہ سے زائد وقت ہو گیا ہے ، جو ایک بدنما داغ ہے اور جمہوری و انسانی حقوق کے معیارات سے مطابقت نہیں رکھتی۔ خط میں جینوسائڈ واچ کے کشمیر کے حوالے سے الرٹ پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔امریکی حکام سے پاک بھارت کشیدگی کم کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کو بھی کہا گیا ۔ خط میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں جانے کی اجازت دے اورگرفتار افراد کو فوری رہا کرے ۔ امریکی رکن کانگریس بریڈ شرمن نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے جنوبی ایشیا میں انسانی حقوق کی صورتحال پر جلد ہی سب کمیٹی کا اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں مقبوضہ کشمیر میں مواصلات اور انسانی حقوق کی بحالی پر بات کی جائے گی۔