سرینگر،لیڈز ( نیوز ایجنسیاں ) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں مزید دو نوجوانوں کو شہید ،تین کو گرفتار کر لیاہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اننت ناگ میں بھارتی فوجیوں نے تلاشی اور سرچ آپریشن کی آڑ میں اندھادھند فائرنگ کی جس سے فرقان اورعاقب یاسین بٹ شہید ہو گئے ، آخری اطلاعات تک علاقے میں سرچ آپریشن جاری تھا ،بھارتی فوج نے الزام لگا یا ہے کہ دونوں کا تعلق کالعدم لشکر طیبہ سے ہے ،ہیف نامی علاقے میں تلاشی کی کارروائی کے دوران تین بیگناہ نوجوانوں شاہد احمد بٹ ، ظہور احمد پڈر اور بلال احمد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ وادی میں 202 ویں روز بھی کرفیو نافذ ہے ، مسلسل لاک ڈاؤن کے باعث صورتحال انتہائی سنگین ہوچکی ہے ، 5 اگست سے وادی میں انٹرنیٹ سروس بند ہے ۔ رکن برطانوی پارلیمنٹ ہیلری بین نے ڈیبی ابراہمز سے بھارت میں ہونے والے سلوک کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں صورتحال بہت خوفناک ہے ، مسئلہ کشمیر بغیر بات چیت کے حل نہیں ہوسکتا۔ہیلری بین کا کہنا تھا کہ ڈیبی ابراہم نے مسئلہ کشمیر پر بہت کام کیا جس سے بھارت ناخوش ہے ، ڈیبی نے پارلیمنٹ میں بات کی تو بھارت سے معاملہ اٹھائیں گے ، کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روکنے پر بات چیت کا وقت آگیا، مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت مذاکرات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔بھارتی وزیر جتندرا سنگھ نے کہا کہ جموں وکشمیر کیلئے ڈومیسائل قانون جلد لارہے ہیں اور لینڈ ایکٹ بھی جلد نافذ کر دیا جائیگا ۔