اسلام آباد،لاہور،کراچی،نئی دہلی( 92 نیوزرپورٹ،سپیشل رپورٹر، اپنے رپورٹر سے ،خبرنگارخصوصی،وقائع نگار،سٹاف رپورٹر) بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019ء کے غیر قانونی زیر قبضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمہ کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کے خلاف ملک بھر میں آج یوم استحصال منایا جائیگا۔اس موقع پر ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائینگی اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان مظفرآباد میں قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے اور مظفرآباد میں ہی ریلی کی قیادت کریں گے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد میں کشمیریوں کی حمایت میں ریلی کی قیادت کریں گے ، عالمی لیڈرز کو خطوط لکھے جائیں گے ۔ وزیراعظم کے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار اور ٹریفک روک دی جائیگی۔صبح 10 بجے سائرن بجائے جائیں گے ، اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو سیکرٹری جنرل کے نام یادداشت بھی پیش کی جائے گی۔دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں اس دن کے حوالے سے خصوصی تقریبات ہوں گی۔قائم مقام کمشنر لاہور ڈویژن دانش افضال نے کہا کہ یوم استحصال پر گورنر اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر قیادت گورنر ہائوس تا چیئرنگ کراس تک کشمیر واک ہوگی۔ دریں اثناکشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق وادی میں ایک سال بھی تعلیمی ادارے بند، خوراک کی قلت اور ادویات کی عدم دستیابی نے معصوم کشمیریوں کی زندگی اذیت ناک کردی ہے ، خواتین سمیت13ہزار 680افراد کو گرفتارجب کہ4خواتین اور10 لڑکوں سمیت 214افراد کو شہید کیاگیا، بھارتی فورسز کے تشدد سے 1390 افراد زخمی ہوئے ۔انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے ، بھارتی قابض انتظامیہ نے ایک سال سے مسلسل سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ کی جنوبی ایشیا کی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے کہا کہ بھارتی حکومت نے دعویٰ کیا کہ وہ کشمیریوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کیلئے پر عزم ہے جو کہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کی منسوخی کے ایک سال بعد کھوکھلا ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے ہزاروں افرادکو گرفتارکرلیاگیا ۔ ہیومن رائٹس واچ نے کہا بھارتی حکام کو سیاسی قیدیوں کو رہا کرکے حقوق کے تحفظ کے لئے فوری اقدامات کرنے چاہئے ۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بھارت فوجی محاصرے کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کی تحریک آزادی کو دبانے میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگا۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ ہے ۔ پیپلزپارٹی کی نائب صدر شیری رحمٰن نے کہا کہ عالمی برادری محصور کشمیریوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھائے ،پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے ۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سرداردوست محمد مزاری نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر جا کر شکرانے کے نفل ادا کرینگے ۔تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی نوشین حامد معراج نے کہاکہ کشمیری عوام کو حقیقی معنوں میں آزادی نصیب ہوگی، شنیلا روتھ نے کہاکہ مودی ہندوتوا کے نظریے پر عمل پیرا ء ہے ۔ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر زرقاتیمور سہروردی نے کہاکہ بھارتی فوج کشمیرسے ذلیل و رسوا ہو کر نکلے گی۔ انصاف ویلفیئرونگ سنٹرل پنجاب کے صدر چوہدری سجاد مہیس نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے پاکستان کا نیا نقشے جاری کرنے پر پی ٹی آئی کی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے ۔ادھر تحریک انصاف کراچی کی جانب سے یوم استحصال کشمیر کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے منگل کو کیماڑی سے منوڑہ تک کشتیوں کی ریلی نکالی گئی جبکہ لانڈھی داؤد چورنگی سے قائدآباد تک ریلی نکالی گئی، تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ کی قیادت میں بوٹ ریلی کے شرکاء نے کشتیوں پر سوار ہوکر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔ادھر پی ٹی آئی ملیر و لیبر ونگ کی جانب سے قائد آباد پر ریلی نکالی گئی۔ دوسری طرف شہریت ترمیمی قانون کے ضوابط وضع کرنے کے لئے بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے مزید3 ماہ کی مہلت طلب کی گئی ہے ،مقبوضہ کشمیرمیں محکمہ داخلہ نے لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو کی حفاظت کے لئے خصوصی سکیورٹی فورس کے قواعد نوٹیفائی کئے ہیں۔