سرینگر(این این آئی،کے پی آئی)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیرمیں بھارتی پولیس نے ضلع رام بن سے دو کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے ،آسیہ اندرابی کے خلاف بھارت سے بغاوت کے مقدمے کی سماعت یکم فروری کو ہوگی ۔ مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھارت میں جعلی خبروں سے عوام کو خیالی دشمنوں سے نفرت کا عادی بنایا جا رہا ہے ، بی جے پی کو انتخابات میں فائدہ پہنچانے کیلئے بالاکوٹ سٹرائیک کا دعویٰ کیا گیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے سانحہ گائوکدل کے شہداء کی برسی کے موقع پر کل جمعرات کو سرینگر میں مکمل ہڑتال کی دوبار ہ اپیل کی ہے ۔ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ 1990 کی دہائی کے پہلے آٹھ برس کے دوران نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے پانچ بڑے واقعات میں سینکڑوں افراد شہید اور کروڑوں روپے مالیت کی املاک کو تباہ کیا گیا ،بھارتی فوج کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے بعد بھارت کا ہندو توا چہرہ بے نقاب ہو گیا۔بھارتی حکومت نے ضلع بارہمولہ میں کشمیری پنڈت کالونیوں کی تعمیر کمیٹی تشکیل دی ہے ۔آسیہ اندرابی کے خلاف بھارت سے بغاوت کے مقدمے کی سماعت یکم فروری کو ہوگی ۔