اسلام آباد (وقائع نگار) چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید خان کھوسہ کی زیر صدارت فل کورٹ اجلاس سپریم کورٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں زیر التوا مقدمات کو جلد نمٹانے کیلئے برانچ رجسٹریز میں خصوصی بینچوں کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا۔ سپریم کورٹ میں ریسرچ سینٹر کے قیام کابھی فیصلہ کیا گیا۔سپریم کورٹ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یکم جنوری 2019 سے 26 اپریل تک سپریم کورٹ میں 7213 مقدمات درج ہوئے ،جن میں سے سپریم کورٹ نے 6169 مقدمات نمٹائے ۔سپریم کورٹ میں اس وقت کل 39338 مقدمات زیر التوا ہیں۔ اجلاس نے مقدمات کے فیصلوں کی شرح پر اطمینان کا اظہار کیا۔اجلاس میں انصاف کی فراہمی، مقدمات کے فیصلے اور عدالتی فرائض کی انجام دہی اور دیگر ایشوز پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں مؤثر اور آسان انصاف فراہمی کے مختلف ذرائع پر بھی غور کیا گیا۔مقدمات کے فیصلوں کیلئے بہتر کاوش کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔اجلاس میں دیگر انتظامی اور عدالتی امور بھی زیر بحث آئے ۔ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں نئے تعینات ہونے والے جج جسٹس قاضی محمد امین کو خوش آمدید کہا۔انہوں نے کہا کہ جسٹس قاضی محمد امین ادارے کے لئے فائدہ مند ثابت ہو نگے ۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کے تمام ججز اور رجسٹرار سپریم کورٹ نے بھی شرکت کی۔