لاہور (نمائندہ خصوصی سے،خبر نگار خصوصی)صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور وسوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عدالت عالیہ لاہوراور الیکشن کمیشن آف پاکستان کوبتائی گئی مدت میں بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے تیار ہے جس کیلئے نئی حلقہ بندیوں اورٹرانزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے ۔ وہ سول سیکٹریٹ میں پنجاب کے دورے پر آئے چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین پر مشتمل وفد کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ میں خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں فعال ٹیم کام کر رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی نے پہلے سال کے دوران ریکارڈ قانون سازی کرتے ہوئے 18 بل پاس کیے جبکہ اہم نوعیت کے 23 بل منظوری کے آخری مراحل میں ہیں۔وزیر قانون نے مزید کہا کہ پنجاب کا نیا بلدیاتی قانون نچلی سطح پر اختیارات وفنڈزکی منتقلی سے حقیقی تبدیلی لائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں میئرمکمل خود مختاراورتمام ترقیاتی اداروں کو کنٹرول کر سکے گا۔