لاہور(نمائندہ خصوصی سے )چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر نے صوبہ میں اشیاء خورونوش کی مقررہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی سے متعلق شکایات کا بروقت ازالہ ہر صورت ممکن بنا نے کے احکامات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غفلت کا مظاہرہ کرنے والے افسران کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یہ ہدایت انہوں نے صوبے میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول سے متعلق اقدامات کی نگرانی کیلئے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز کو مختلف اضلاع کے دورے کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ، مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر بنانے کیلئے خصوصی سکواڈز بھی تشکیل دیئے جائیں اور اس سلسلے میں کارکردگی سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر بھجوائی جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ قیمت ایپ کے ذریعے صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جا رہا ہے ۔ دریں اثنا چیف سیکرٹری نے بطور صوبائی اپیلیٹ اتھارٹی سرکاری محکموں کے سزا یافتہ ملازمین کی جانب سے دائر اپیلوں کی سماعت کی ۔ ملازمین کی جانب سے کی گئی اپیلوں کی سماعت کے بعد فیصلے محفوظ کر لئے ۔