اسلام آباد،لاہور ( خبر نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر)عالم دین مفتی محمدتقی عثمانی نے فتویٰ دیاہے کہ مقبوضہ کشمیرکے مسلمانوں کیلئے جائزنہیں کہ وہ اپنی زمین وجائیداد کسی ہندوکوفروخت کریں، ایساکرنانہ صرف کشمیرکے مسلمانوں کیساتھ بلکہ پورے عالم اسلام کیساتھ سنگین غداری کے مترادف ہوگا۔پاکستان سمیت تمام مسلمان ملکوں کافرض ہے کہ وہ کشمیرکے مظلوم ومقہورمسلمانوں کی ہرطرح مددکریں، ایسانہ ہوکہ اسرائیل کے قیام کی مکروہ تاریخ خدانخواستہ اس علاقے میں بھی دہرائی جائے ۔ مفتی تقی عثمانی نے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں تفصیلی فتویٰ جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ قرآن و سنت کے احکام اوران پرمبنی فقہاء کرام کی عبارتیں اس بارے میں بالکل واضح ہیں کہ کفارکے ہاتھوں کوئی بھی ایسی چیزبیچناجسے وہ مسلمانوں کے مفادکیخلاف استعمال کرسکتے ہو ں سراسرناجائزاوربدترین گناہ ہے ۔علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان علماء کونسل اور صدر دارالافتاء پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، مفتی محمد عمر فاروق ، علامہ عبد الحق مجاہد،مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا اسعد زکریا قاسمی، مولانا نعمان حاشر ، مولانا محمد اشفاق پتافی ، مولانا ابو بکر صابری ، مولانا طاہر عقیل اعوان نے اپنے ایک فتویٰ میں کہا کہ مسلمان بھارت کے ناپاک عزائم کوکامیاب نہ ہونے دیں، مقبوضہ کشمیر کے عوام ہندوئوں کی آباد کاری کی سازش کو سمجھتے ہوئے اپنی جائیدادیں اور زمینیں ہندوئوں کو فروخت نہ کریں۔ کشمیر شروع سے ایک مسلمان ریاست ہے جو کسی بھی حیثیت سے بھارت کا حصہ نہیں ہے ۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں اور خود بھارتی آئین کی دفعات 370 اور 35 اے اس بات کو تسلیم کرتی ہیں۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم و جبر کر کے انہیں بد ترین کرفیواور لاک ڈائون کا نشانہ بنایا ہوا ہے اور بھارت کے آئین میں تبدیلی کر کے اسے بھارت کا حصہ بنانے کی سازش کر رہا ہے اور اب اس کی یہ کوششیں ہو رہی ہیں کہ کشمیر میں بھارتی ہندوئوں کو اُسی طرح لا کر آباد کیا جائے جس طرح صیہونی یہودیوں نے فلسطین کی زمینوں پر قبضہ کر کے مسلمانوں کو وہاں سے جلا وطن کیا اور اسرائیل کی ناجائز ریاست قائم کر لی۔ ان حالات میں کشمیر کے مسلمانوں کیلئے شرعی طور پر جائز نہیں ہے کہ وہ اپنی زمینیں کسی ہندو کو فروخت کریں۔ ایساکرنیوالے شرعی طور پر اور قومی طورپر مجرم اور غدار ہوں گے ۔قرآن و سنت کے احکام اس بارے میں واضح ہیں ایسی کسی بھی چیز کو جس سے کفار مضبوط ہوں اور مسلمانوں کیخلاف اس کو استعمال کریں بیچنا گناہ اور حرام ہے ۔ بھارتی حکومت ریاست کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کے درپے ہے جو وہاں مسلمانوں کا پیدائشی حق ہے ۔ پاکستان علماء کونسل آئندہ ہفتہ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر اسلام آباد میں مظلومین کشمیر و فلسطین کانفرنس کریگی۔