نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 566 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک میں کورونا سے متاثر افراد کی تعداد 310841 ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس سے عالمی معیشت کو تباہی کے دھانے تک پہنچ چکی ہے۔ یورپ اور امریکہ میں جان لیوا وائرس کی دوسری لہر میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ خوش قسمتی سے حکومت کے بروقت اور منفرد اقدامات کی وجہ سے پاکستان نے نہ صرف کورونا وائرس کو موثر انداز میں کنٹرول کیا بلکہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری پاکستان کے اقدامات کی تحسین بھی کر رہی ہے۔ پاکستان میں کورونا کیسز میں واضح کمی کے بعد حکومت نے سات ماہ تعلیمی ادارے بند رکھنے کے بعد جب مرحلہ وار سکول کالجز کھولنے کا اعلان کیا اس وقت بھی طبی ماہرین تعلیمی اداروں میں بے احتیاطی سے وائرس کے دوبارہ پھیلائو کا اندیشہ ظاہر کر رہے تھے۔ یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ تعلیمی اداروں کے کھولنے کے بعد نہ صرف کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے بلکہ اکثر سکولوں میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کرنے کی شکایت بھی آ رہی ہے یہاں تک کہ طلباء اور ٹیچرز میں وائرس کی تشخیص کے بعد آئے روز تعلیمی ادارے بند کرنے کی خبریں بھی آ رہی ہیں۔ بہتر ہوگا حکومت وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ اس موذی مرض سے بچوں کو محفوظ رکھنے کے ساتھ وائرس کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔