لاہور(نمائندہ خصوصی سے ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک معاشی زبوں حالی ، غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری کے بدترین حصار میں ہے ، بلوچستان میں ہر طرف پسماندگی ، مایوسی اور ناامیدی کے ڈیر ے ہیں، ملک جس گھمبیر صورتحال سے دوچار کر دیا گیا، ان سے نکلنے کے لیے خوف خدا رکھنے والی دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے ، ملک کو مسائل کی دلدل میں دھکیلنے کے ذمہ دار سابقہ اور موجودہ حکمران ہیں ،70 سال سے قوم کے ساتھ چوہے بلی کا کھیل جاری ہے ایک جاتاہے تو دوسرا آجاتاہے اور پھر حکمران رہنے والی پارٹیوں سے نکلنے والوں کو جمع کر کے نئی پارٹی بنادی جاتی ہے ، اپوزیشن کا ہر لیڈر ہر طرف تباہی و بربادی کا رونا روتاہے ،جب وہ خود حکومت میں آتاہے تو اسے ہر طرف ہریالی ،خوشحالی نظر آتی ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحبت پور جعفر آباد میں کھوسہ قبیلہ کے سردار میر مہر اللہ خان کھوسہ کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ پورے پاکستان اور خاص طور پر بلوچستان کی سڑکیں خراب ہیں ، بلوچستان کے حکمرانوں نے بھی عوام کے لیے کچھ نہیں کیا ۔