کوالالمپور(جاوید الرحمن)ملائیشیا میں بھی جدوجہد آزادی کشمیر کے ساتھ یکجہتی کی تحریک کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ، اس سلسلہ میں انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ماپم کے چیئرمین حاجی محمد اعظمی عبدالحمید کی قیادت میں پندرہ اگست یوم سیاہ کے موقع پر کولالمپور ملیشیا میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکا نے ملائیشیا سٹینڈز وید کشمیر اور کشمیر کو آزاد کرو جیسے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔کولالمپور میں بھارتی ہائی کمیشن کی عمارت کشمیر بنے گا پاکستان ، کشمیر کو آزاد کرو اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔مظاہرے کے اختتام پر بین الاقوامی تنظیم ما پم کے چیئرمین حاجی محمد اعظمی عبدالحمید کی قیادت میں ورلڈ اسمبلی آف مسلم یوتھ ، آسیان کولیشن فار فلسطین سمیت 157 انسانی حقوق کی تنطیموں نے مودی سرکار کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی ،روزنامہ نائنٹی ٹو نیوز کے نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد اعظمی عبدالحمید نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ پوری امت مسلمہ کا مسئلہ ہے اور کشمیر کے مسلمانوں کو ان کا حق دلوانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے ،انہوں نے کہا کہ وہ ملائیشیا کی پارلیمنٹ میں بھی مقبوضہ کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کی قرارداد پیش کریں گے ،ما پم کے چیئرمین نے مزید بتایا کہ مستقبل قریب میں وہ آسیان ممالک سمیت پوری دنیا کی این جی او ز اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ مل کراقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے ملاقات کشمیر کا مسئلہ اٹھائیں گے ۔