مکرمی !نبی اکرمؐ کا فرمان ہے ’’جس نے ملاوٹ کی وہ ہم میں سے نہیں ہے‘‘ نہایت افسوس کا مقام ہے کہ ہم مسلمان ہوتے ہوئے احکام خداوندی اور نبی اکرمؐ کی تعلیمات سے روگردانی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے آٹا، چاول، دالوں سمیت مشروبات، مصالحہ جات، سرخ، کالی مرچوں کے سینکڑوں نمونہ جات میں ملاوٹ کی تصدیق کی ہے۔ دودھ اور دیسی گھی میں بناسپتی گھی کی ملاوٹ تو ایک معمول بن چکا ہے۔ مردہ چکن، مردہ بیف اور مٹن کے ہزاروں من گوشت کو فوڈ اتھارٹی کی بہترین کارکردگی کے باعث گذشتہ کئی ماہ سے تلف کرنے کی خبریں اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ ابھی نہیں معلوم پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران بالا کی دیانتداری اور جانفشانی سے کی جانے والی محنت آئندہ چند دنوں میں فوڈ میں ملاوٹ کی روک تھام کے کتنے نئے ریکارڈ رقم کرنے والی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ورکنگ سے لاہور سمیت پنجاب بھر کی عوام کو بہتر غذائی اجناس کی فراہمی عمل میں آرہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ بدقماش عناصر کے مکروہ دھندے بھی رستے بدل بدل کر عوام کی صحت سے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ ایک غذائی سکینڈل مکمل طور پر ختم نہیں ہوتا کوئی دوسرا سکینڈل سر اٹھا لیتا ہے۔ (محمد شعیب احمد148/13نیو سمن آباد لاہور)