اسلام آباد(سپیشل رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک، 92 نیوزرپورٹ )وزیراعظم عمران خان نے اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کانوٹس لے لیا،وزیراعظم نے ملاوٹ کیخلاف ایمرجنسی نافذکرنے کافیصلہ کر لیا اور کہا کہ اس سلسلے میں نیشنل ایکشن پلان ایک ہفتے میں مرتب کیاجائے ، کچھ بھ ہوعوام کوریلیف دیا جائے ۔وزیراعظم کی زیرصدارت اشیائے خور و نو ش کی قیمتوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا،اجلاس میں پرائس کنٹرول،ذخیرہ اندوزی،منافع خوری اورملاوٹ کی روک تھام کیلئے اقدامات کاجائزہ لیاگیا،چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز نے وزیر اعظم کو متعلقہ صوبوں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی صورتحال پربریفنگ دی،وزیراعظم کوبتایاگیاکہ پنجاب،خیبرپختونخوامیں آٹا،چینی،چاول ودیگراشیاکی قیمتوں میں استحکام رہا، سندھ میں اشیا ئے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ، سندھ کو4 لاکھ ٹن گندم کی فراہمی مکمل ہو چکی ہے ، ایک لاکھ ٹن مزیدگندم کی فراہمی کی درخواست پرغورہوگا،وزیرِاعظم نے کراچی میں آٹے کی قیمتوں پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ کوہدایت کی کہ آٹے کی قیمت پرقابوپانے سے متعلق اقدامات یقینی بنائے جائیں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف انتظامی اقدامات موثر بنائے جائیں،وزیراعظم نے کہ کہا ملاوٹ مافیاشہریوں کی صحت سے کھیل رہاہے ، اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کی اجازت نہیں دی جاسکتی،اشیامیں ملاوٹ کسی صورت قبول نہیں ،ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔اجلاس میں وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر،وزیربرائے نیشنل فوڈسکیورٹی خسروبختیار،مشیرتجارت عبدالرزاق دائود،معاون خصوصی فردوس عاشق اور دیگرحکام نے شرکت کی۔ پنجاب اورکے پی کے وزرائے اعلیٰ،سندھ اوربلوچستان کے چیف سیکرٹریزنے ویڈیولنک کے ذریعے شرکت کی۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت سندھ سے متعلق اجلاس ہوا،ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے بھی اجلاس میں شرکت کی،وزیرآئی ٹی کی اجلاس میں شرکت پروزیراعظم نے اظہاراطمینان کردیا، ملاقات میں ایم کیو ایم کے تحفظات ، مطالبات پر بات چیت کی گئی ۔دوسری طرف ترجمان ایم کیوایم نے کہاہے کہ خالد مقبول صدیقی نے وزارت سے استعفیٰ واپس نہیں لیا،انہوں نے اسدعمرسے معاہدوں پرعملدرآمدکے سلسلہ میں ملاقات کی،ملاقات کے آخرمیں وزیراعظم بھی اجلاس میں آگئے تھے ۔ وزیر اعظم سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی ، معاون خصوصی برائے سمندر پارپاکستانیز سید ذوالفقار عباس اور معاون خصوصی برائے بیرونی سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی نے بھی ملاقات کی ۔اٹک سے نمائندہ 92نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے علیل رکن قومی اسمبلی میجر طاہر صادق کو فون کر کے ان کی خیریت دریافت کی ،وزیر اعظم نے ان کی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی ۔