لاہور ، گگو منڈی ( سپیشل رپورٹر، نامہ نگار) ملت پارک کے علاقہ میں 13سالہ بچی کے ساتھ مبینہ اجتماعی زیادتی کردی گئی، لواحقین نے یتیم خانہ چوک پر احتجاج کرکے ٹریفک کے لیے بند کر دیا، پولیس کی انصاف فراہمی کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے ، آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیاگیا ، ایس پی اقبال ٹاؤن انویسٹی گیشن نوید ارشاد کے مطابق تھانہ ملت پارک میں 13 سالہ بچی سے زیادتی کا مقدمہ 18 فروری کو درج کیا گیا، نامزد ملزم عادل 2 مارچ تک عبوری ضمانت پر ہے ، لواحقین نے کہا بچی کو 5 افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا اور پولیس نے صرف ایک شخص کیخلاف مقدمہ درج کیا۔گگومنڈی میں بااثر ملزمان نے مقدمہ کرانے پر زیادتی کی شکارطالبہ کے گھرپر فائرنگ کردی، 251 ای بی کے ساجد سکھیرا نے 14 روز قبل 8 ویں کلاس کی طالبہ کو گن پوائنٹ پر اغوا کیا اور ڈیرہ پر لے گیا ، اس نے اور گن مین نے رات بھر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، لواحقین نے مقدمہ کرایا تو ملزمان نے محنت کش رفیق کے گھر آکر فائرنگ کردی، 15 پر کال کرکے پولیس کو بلایا گیا، پولیس نے درجنوں خالی خول قبضہ میں لیکر کارروائی شروع کردی، لواحقین نے وزیر اعلی پنجاب اور دیگر اعلی حکام سے انصاف فراہمی کی اپیل کردی، بچی کے والد رفیق نے بتایا ساجد مجھے اہل خانہ سمیت قتل کی دھمکیاں دیتا رہا، میرے بچوں نے سکول بھی چھوڑدیا، گزشتہ شب 12بجے کے قریب میں اپنے بیوی بچوں گھرمیں سورہاتھا، شراب کے نشہ میں دھت ساجدسکھیرااوراس کابھائی محمدخان سکھیرا آئے ، بڑھکیں مارنے لگے اور فائرنگ کرکے دروازہ گولیوں سے چھلنی کردیا، ہم نے چھپ کر جانیں بچائیں، محمدصدیق نے بتایاکہ ہم غریب لوگ ہیں ، تاحال پولیس نے ڈی این اے بھی نہیں کرایا۔