ملتان(خصوصی رپورٹ،نمائندہ خصوصی ) امریکی قونصل جنرل کولین کرینویلگی نے دورہ ملتان کے دوران سولر پاور سسٹم کا افتتاح کیا اور مزارات پر حاضری دی ،حضرت موسیٰ پاک شہید اور حضرت شاہ شمس تبریزؒ مزارات کی بحالی کیلئے 70ہزار ڈالر سے زائد مالی مدد فرا ہم کی ،انہوں نے امریکہ،پاکستان تعاون کی جہتوں پر روشنی ڈالی اور پاکستانی نوجوان نسل کو ہنرمند بنانے کے عمل کی حوصلہ افزائی کی۔۔ انہوں نے طلبہ کو امریکی حکومت کے دو نئے پروگراموں میں خوش آمدید کہا اور کاروبار شروع کرنے کے خواہش مند افراد میں کاروبار میں آسانی کے لیے ٹول کٹ تقسیم کی اور کاروباری قائدین سے ملاقات کی۔ "امریکہ کو ملتان میں وقوع پذیر آگے بڑھنے کے عمل میں پاکستان کے ساتھ شراکت پر فخر ہے ، " قونصل جنرل کرینولگی نے کہا۔ "چاہے یہ طلبہ کو انگریزی بہتر کرنے اور ملازمت کے ہنر کو جاننے کے کاموں کا آغاز ہو، نئے سولر پاور سسٹم سے بجلی کی بلا تعطل فراہمی ہو، نئے کاروبار کی حوصلہ افزائی ہو یا اہم ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ہو، امریکہ خوشحال اور پر امن مستقبل کے لیے پاکستان کے ساتھ ہے ۔"اپنے ملتان کے دورے کے دوران قونصل جنرل کرینویلگی نے پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں جدید ترین سولر پاور سسٹم کا افتتاح کیا۔ یہ سولر سسٹم امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی نے مہیا کیا۔موسیٰ پاک شہید اور شاہ رکن عالم کے مزارات پر حاضری کے دوران قونصل جنرل کرینولگی نے امریکی حکومت کے پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنے کے دیرینہ عزم کا اعادہ کیا۔ امریکی سفیر کے فنڈ برائے تحفظ ثقافتی ورثہ نے ملتان کے مزارات، بشمول موسیٰ پاک شہید اور شاہ شمس تبریز، کی بحالی کیلئے 70ہزار ڈالر سے زائد مالی مدد فرا ہم کی۔