ملتان(جنرل رپورٹر) ملتان میٹرو کرپشن کیس میں جسمانی ریمانڈ پرنیب حراست میں سابقہ پراجیکٹ ڈائریکٹر صابر خان سدوزئی اور دیگر ملزمان نے نیب کی تفتیشی ٹیم کو بیان دیتے ہوئے سارا ملبہ سابق کمشنر ملتان اسداﷲ خان اور ڈی سی او زاہد سلیم گوندل پر ڈال دیا۔باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا کہ ملزمان نے نیب کو بتایا کہ اس وقت کے کمشنر اور ڈی سی او کی مرضی کے بغیر ایک بھی بل پاس نہیں کیا گیا،میٹرو منصوبے میں اراضی کی خرید میں انتظامیہ اور ریونیو افسران متحرک رہے ،تاہم اب تک ان میں سے کسی کو گرفتار نہ کیا گیا ہے ۔دوسری جانب میٹرومنصوبے کی تعمیر اتی کام میں شیڈول سے زائد لاگت کے حوالے سے ملزمان نے بتایا ہے کہ تعمیراتی لاگت کے حوالے سے ایک ایک تفصیل موجود ہے ۔نیب حراست میں تعمیراتی سامان کی لاگت لگانے والے چیف انجینئرز نے موقف اپنا یا ہے کہ اس وقت کے حساب سے سامان کی یہی لاگت تھی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نیب ملتان تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مزید افسران کی گرفتاریاں کرے گی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ملزمان سے اب تک ریکوری نہیں ہوسکی ۔