ملتان(جنرل رپورٹر) ملتان سے تعلق رکھنے والے انجینئر علی عمر نے انجینئرنگ کی پروفیشنل ڈگری حاصل کرنے کے بعد بیٹ سازی کو پیشہ کے طور پر اپنا لیا۔ وہ پاکستان کے ٹیسٹ کرکٹرز کے علاوہ جنوبی افریقہ کے نامور کرکٹر ہاشم آملہ کے بیٹ کے سٹروک کو بھی اپنی ہنر کی مہارت سے بہتر بنا چکے ہیں۔ ہاشم آملہ کا یہ بیٹ آج کل پاکستان کے انٹرنیشنل کرکٹر صہیب مقصود کے زیراستعمال ہے ۔ٹیسٹ کرکٹر سلمان بٹ ،عامر یامین،عمان کے انٹرنیشنل کرکٹر خاور علی کے علاوہ انگلینڈ میں پروفیشنل لیگ کرکٹ کھیلنے والے پاکستان کے فرسٹ کلاس کرکٹرز کی ایک بڑی تعداد بھی انجینئر علی عمر کے تیار کردہ بیٹ سے کھیلنے کو ترجیح دیتی ہے ۔ روزنامہ 92نیوز کے نمائندہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے علی عمر نے بتایا کہ انجینئرنگ کی بجائے بیٹ سازی کو پیشہ بنانا میرا شعور ی فیصلہ ہے ،بیٹ سازی کا شوق مجھے کرکٹ کھیلنے کے دوران ہوا،پہلے اپنے لئے بیٹ بنائے ،بعد میں کرکٹ فیلوز اپنے بیٹ کی تراش خراش کیلئے رابطہ کرنے لگے ۔