ملتان،ٹھٹھہ،کراچی،قصور ( جنرل رپورٹر، نامہ نگار، سٹاف رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ملتان میں گندم کٹائی کے دوران دریا میں نہاتے ہوئے کزن اور چار بہن بھائی ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ دریائے سندھ میں کشتی الٹنے سے دوافراد ہلاک ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملتان کے نواحی علاقے بند بوسن کے قریب دریا کے قریب گندم کی کٹائی کے دوران 3 بہنوں رقیہ بی بی،شہزادی بی بی اور فریحہ بی بی کو لو لگی تو وہ روزے کی حالت میں دریا پر نہانے چلی گئیں جبکہ ڈوبنے پر شور سن کر انکے بھائی فاروق اور کزن ماجد نے بھی انہیں بچانے کیلئے چھلانگیں لگا دیں مگر وہ بھی ڈوب گئے ۔ ریسکیو1122 نے 18سالہ فاروق کی لاش نکال لی ۔ٹھٹھہ دریائے سندھ میں جھرک کے مقام پر لکڑہاروں کی کشتی الٹ گئی جس میں سوار پانچ لکڑہاروں نے تیر کر جان بچالی جبکہ پلیو ولد خدا ڈینو سولنگی اور حسین بخش انعامی ڈوب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ پلیو کی لاش برآمد کر لی گئی ہے ۔ گزشتہ روز سی ویو کے قریب سمندر میں ڈوبنے والی کشتی کے دو ماہی گیروں میں سے ایک کی لاش مل گئی ،متوفی کی شناخت 23 سالہ الیاس کے نام سے ہوئی جبکہ دوسرے لاپتہ ماہی گیر 21سالہ اعظم کا تاحال سراغ نہ مل سکا۔ قصور کے چک نمبر 14چھانگا مانگا میں گندم کی کٹائی کے دوران محمد ارشد تھریشر مشین میں چادر پھنس جانے سے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔دریں اثنا ٹھٹھہ کی مختلف نہروں میں نہاتے ہوئے دوبھائیوں سمیت 3 بچے ڈوب کرجاں بحق ہوگئے ۔