ملتان (سٹاف رپورٹر) خواجہ سرا بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے میدان میں آ گئے ، خواجہ سراؤں نے بھارتی مظالم کے خلاف نواں شہر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ شی میل ایسوسی ایشن کی صدر شاہانہ عباس شانی کی قیادت میں خواجہ سراؤں نے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے کشمیر بنے گا پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے ۔ اس موقع پر مودی کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کشمیر کے مردہ مسئلے کو زندہ کر کے کشمیریوں کے لئے آزادی کی راہ ہموار کر دی ہے ۔ انشائاللہ جلد کشمیریوں کو آزاد فضا میں سانس لینا نصیب ہو گا ۔ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے ۔ کشمیریوں پر مظالم رکوانے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ۔