لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )صوبائی وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان کی خصوصی ہدایت پر فوکل پرسن جوڈیشل واٹر اینڈ ماحولیات کمیشن علی اعجاز نے جوڈیشل کمیشن اور لاہور پولیس کے نمائندگان کے ہمراہ ملتان روڈ میں گندے پانی کے باعث آلودگی کا سبب بننے والے یونٹس کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے نٹ ویئر، بیکرز اور ایک مل کو ملاکر ٹوٹل 3یونٹس سیل کردیئے ۔اس سے قبل ایک محکمانہ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر علی اعجاز نے صوبائی وزیر کو دوران بریفنگ بتایا تھا کہ لاہور میں معائنہ کے بعد متعدد بار مختلف فیکٹریوں وغیرہ کو نوٹسز دیئے گئے مگر بعض نے اس کے باوجود ٹریٹمنٹ پلانٹس کے حوالے سے کوئی خاص پیش رفت نہیں کی،جسکی ایک تفصیلی رپورٹ جوڈیشل کمیشن کو جمع کروانے کے بعد چیئرمین جوڈیشل کمیشن جسٹس علی اکبر قریشی نے ماحول کو آلودہ کرنیوالے یونٹس کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے پنجاب ماحولیاتی تحفظ ایجنسی ایکٹ کو حقیقی معنوں میں نافذ کرنے کی ہدایت کی ۔جسکے بعد صوبائی وزیر محمد رضوان نے ڈی جی تنویر وڑائچ کو خصوصی احکامات صادر کیئے کہ زیرو ٹالرنس پالیسی اپناتے یوئے ان تمام یونٹس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے جو مسلسل ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہے ہیں تاکہ پنجاب کو صاف ستھرا اورسر سبز بنانے کے لئے عملی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں ۔نیز ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔