ملتان؍ لاہور (سپیشل رپورٹر؍جنرل رپورٹر؍کرائم رپورٹر؍سٹاف رپورٹر؍ نیوز ایجنسیاں) پی ڈی ایم ملتان میں جلسہ کرنے میں کامیاب ہوگئی۔پی ڈی ایم رہنمائوں نے کہا کہ سلیکٹڈ کو جانا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق حکومت اور اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم میں ملتان میں جلسے کے حوالے سے کئی روز سے تنائو چل رہا تھا، کارکنوں کی پکڑدھکڑ جاری تھی، گزشتہ روز بھی دوپہر تک پکڑ دھکڑ جاری رہی، انتظامیہ نے شہر میں جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر رکھی تھیں، داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی،سندھ سے قافلے کی شکل میں آنیوالی 6 بسوں کو شاہ شمس تبریز انٹرچینج پر روک لیا گیا، شہر کے کئی حصوں میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس بھی معطل رہی، اس دوران مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز، پی پی رہنما اور بینظیر بھٹو شہید کی صاحبزادی آصفہ بھٹو، پی کے میپ کے سربراہ محمود اچکزئی و دیگر اپوزیشن رہنما بھی ملتان پہنچ گئے جس کے بعد کارکنوں نے مختلف مقامات سے کنٹینر ہٹا دیئے ، انتظامیہ کی جانب سے بھی جلسہ کی مشروط اجازت دیتے ہوئے مختلف رکاوٹیں ہٹائی گئیں، پی ڈی ایم کے کارکن قلعہ کہنہ قاسم باغ سٹیڈیم بھی پہنچ گئے مگر تاخیر کے باعث وہاں جلسے کے انتظامات میں دشواری کے پیش نظر گھنٹہ گھر چوک میں کنٹینرز کے ذریعے سٹیج بناکر جلسے کا انتظام کیا گیا۔پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ناجائز، نالائق حکومت کو شکست دینے پر عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کل پریس کانفرنس میں صرف ڈنڈا دکھایا تو پھر دم دبا کر بھاگ گئے ۔انہوں نے کہا کہ ملتان کے شاہراہوں اور چوراہوں کو بندکیا گیا، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ،ان پر تشدد کیا گیا لیکن جس طرح ملتان سے بھگایا ہے ، تمہارا تخت گرانے میں بھی کامیاب ہوں گے ، جبکہ ملتان میں تشدد کے خلاف جمعہ اور ہفتہ کو پورے ملک میں احتجاج ہوگا۔انہوں نے کہا پورے ملک کے کارکنوں کو پیغام دیتا ہوں، 13 دسمبر کو لاہور میں ٹاکرا ہوگا، جب تک گیدڑ ملک چھوڑ کر بھاگ نہیں جاتا، اس کا پیچھا کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تم کشمیر فروش ہو اور اب فلسطین کو بیچنا چاہتے ہو، تم امت مسلمہ کو بیچنا چاہتے ہو لیکن ہم تمہیں سودا کرنے نہیں دیں گے ، تمہارے بین الاقوامی ناجائز ایجنڈوں کو مسلط ہونے نہیں دیں گے ۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کووڈ 19 سے پہلے کووڈ 18 کو گھر بھیجنا ضروری ہے ، کووڈ 18 گھر چلا گیا تو کووڈ 19 بھی ختم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا اب یہ حکومت کورونا وائرس کے پیچھے چھپ رہی ہے لیکن یہ کورونا نہیں ،حکومت جانے کا رونا ہے ، یہ کیسا وائرس ہے جو حکومت کے جلسوں میں نہیں، صرف پی ڈی ایم کے جلسوں میں آتا ہے ، کورونا پہلے پوچھتا ہے کہ پی ڈی ایم کا جلسہ ہے تو میں اندر آجاؤں اور اگر تحریک انصاف کا جلسہ ہے تو واپس چلا جاؤں۔انہوں نے کہا ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہمیں دشمن بھی ملا تو کم ظرف ملا، ایک خاتون وزیر نے کہا کہ نواز شریف نے اپنی ماں کی لاش پاکستان پارسل کردی، میرے والد لندن میں کاؤنٹی کرکٹ نہیں کھیل رہے تھے ، نواز شریف جیسا فرمانبردار بیٹا پورے پاکستان میں ڈھونڈ کر لاؤ، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے بعد ان کے خاندان کو جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی، اکبر بگٹی کو قتل کیا جاتا ہے اور ان کے اہل خانہ کو جنازہ پڑھنے کی اجازت نہیں دی جاتی، بے نظیر بھٹو کو شہید کیا جاتا ہے اور قاتلوں کو ملک سے باہر فرار کرا دیا جاتا ہے ۔مریم نواز نے کہا کیا کوئی مشرف کوایک دن بھی جیل میں رکھ سکا؟ کیا کسی میں اتنی جرات ہے کہ مشرف کو پاکستان واپس لاسکے ؟ انہوں نے کہا اناڑی پاکستان کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھا ہے ، علیمہ باجی نے سلائی میشن سے اربوں روپے کما لئے لیکن بندہ ایماندار ہے ، بنی گالہ کا محل بن گیا لیکن بندہ ایماندار ہے ، 6 سال سے فارن فنڈنگ کیس میں مفرور ہے لیکن بندہ ایماندار ہے جبکہ جان بوجھ کر ایل این جی کی درآمد میں تاخیر کی گئی لیکن بندہ ایماندار ہے ۔نائب صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا جنہوں نے کشمیر کو نریندر مودی کی جھولی میں ڈال دیا ،وہ اسرائیل کی بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا اس سے پہلے کہ پی ڈی ایم آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے ،خود حکومت چھوڑ دو، پی ڈی ایم فیصلہ کرنے والی ہے پھر نہ کہنا کہ بتایا نہیں جبکہ عوام سے وعدہ ہے کہ مشکلات سے نکالنے کے لئے جیل بھی جانا پڑا تو کوئی پرواہ نہیں۔انہوں نے کہا عمران خان پرویزالہی کوپنجاب کاسب سے بڑاڈاکوکہتاتھا،جب اپنے اقتدارپرآنچ آئی توپرویزالہی کے قدموں میں چلاگیا،پرویزالہی کے بڑے بھائی کوکہتاہے آپ مجھے پرویزالہی سمجھیں۔مریم نوازنے مزیدکہا حکومت کی گاڑی کا انجن فیل ہو چکا ،دو سلیکٹرز مل کر پوری قوت کے ساتھ عمران خان کی بس کو دھکا لگا رہے ہیں لیکن وہ چلنے کا نام نہیں رہی ، یہ حکومت کشمیر کے الیکشن سے پہلے پہلے چلی جائے گی۔ انہوں نے عمران خان کو تنبیہ کی کہ اس سے پہلے کہ پی ڈی ایم اپنے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرے ، خود اقتدار چھوڑ دو ورنہ آپ اور آپ کے سلیکٹرز کیلئے مشکلات بڑھ جائیں ۔انہوں نے کہا چیف جسٹس سے مطالبہ ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کا سوموٹو لیا جائے ، فارن فنڈنگ کیس کی تحقیقات سے پتہ چل جائے گا کہ ملک میں اسرائیل کے حق میں مہم کون چلا رہا ہے ۔مریم نوازنے کہا اپنی بہن آصفہ بھٹوزرداری کاخیر مقدم کرتی ہوں،پیپلزپارٹی کویوم تاسیس پرمبارک باد پیش کرتی ہوں۔سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بیٹی آصفہ بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ آج عوام نے حکومت کے خلاف فیصلہ دے دیا، اب حکومت کو جانا ہوگا۔آصفہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے اس پارٹی کی بنیاد عوامی جمہوری اور فلاحی ریاست کے لئے رکھی تھی اور وہ اس مقصد سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے ۔انہوں نے کہا ایم آر ڈی کی طرح پی ڈی ایم کی تحریک میں بلاول بھٹو زرداری کا ساتھ دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے ، اگر ہمارے بھائیوں کو گرفتار کیا تو پیپلز پارٹی کی ہر عورت اپنی گرفتاری دینے اور اس عمل میں جدوجہد کے لئے تیار ہے ، ہم سلیکٹڈ حکومت سے عوام کو بچائیں گے ، بی بی شہید کا مشن لے کر آگے چلیں گے ۔محموداچکزئی نے کہا ہم نے پی ڈی ایم اس لئے نہیں بنایا کہ ہم لوگوں کو گالیاں دینا چاہتے ہیں،عمران خان نے کچھ دن پہلے کہانوازشریف اورزرداری کی حکومت سلیکٹڈتھی،اس کامطلب ہے کہ آپ نے سلیکٹرزکومان لیا،اس ملک پرحکمرانی وہی کرے گاجسے لوگ منتخب کریں گے ،یہ ملک ہمیں خیرات میں نہیں ملا،یہ ہم سب کاہے ۔سرداراخترمینگل نے کہاحکومت نے نااہلی چھپانے کے لئے پنڈال میں جلسہ کرنے نہیں دیا،تمام تررکاوٹوں کے باوجودلوگ یہاں پہنچے ،عوام نے تخت گرادیئے اورتاج بھی اڑادیئے ہیں،اس ملک میں اگرحکمرانی ہوگی تو ووٹ کی ہوگی،سلیکٹرزکوبتاناچاہتے ہیں،عوام اپناحق چاہتے ہیں۔رہنما اے این پی اورترجمان پی ڈی ایم میاں افتخارحسین نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہااچھاہواحکومت نے جلسہ گاہ کوبندکیا،آج پوراملتان جلسہ بن گیا،پی ٹی آئی اورجماعت اسلامی نے جلسے کئے ،کیااس میں کورونانہیں تھا؟سرائیکیوں کے لئے صوبہ بناکررہیں گے ۔سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا جنوبی پنجاب کے عوام کاسب سے بڑامطالبہ صوبہ بنانے کاہے ۔مولانا فضل الرحمان نے جلسے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جوبھی حالات ہوں، ہرطرح کی قربانی دینے کو تیار ہیں اور ہماری طرف سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی۔لاہور میں ملتان روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا اب اس حکومت کے آخری چند دن ہیں۔انہوں نے کہا کہ گرفتاری کے خوف سے دیواریں پھلانگنے والی نہیں، بغیر کسی گناہ کے دومرتبہ جیل کاٹ چکی ہوں اور مجھے تیسری بار بھی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں۔ روانگی کے موقع پر مریم نواز کو امام ضامن بھی باندھا گیا جبکہ بکرے کا صدقہ بھی کیا گیا۔