کراچی (کامرس رپورٹر)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران ٹیکسٹائل ملز کی محتاط خریداری جاری رہی جبکہ جنرز کی جانب سے روئی کی فروخت میں دلچسپی بڑھتی جارہی ہے جس کے باعث روئی کے بھاؤ میں مجموعی طور پر استحکام رہا جب کہ کاروباری حجم بھی اوسط رہا۔جنر ز کے مطابق سیزن کا آخر ہونے کی وجہ سے جرز روئی فروخت کرنے میں زیادہ دلچسپی کا مظاہرہ کر رہے ہیں کیونکہ اس سال روئی کا اسٹاک کرنا بہت مہنگا ہے پچھلے سالوں کی طرح روئی کے بڑے اسٹاکسٹ بھی روئی فروخت کرنے کو ترجیع دے رہے ہیں ہلکی کوالٹی کی روئی زیادہ ہے اور اس کے خریدار بھی کم ہیں جس کے باعث ہلکی روئی تیار کرنے والے جنرز اضطراب میں ہے پنجاب کی غلا منڈیوں میں وافر مقدار میں ہلکی بھٹی کا اسٹاک ہے جس کی فروخت مشکل ہورہی ہے کئی جننگ فیکٹریاں بھی بند ہوتی جا رہی ہے ۔صوبہ سندھ میں روئی کا بھاؤ فی من 7400 تا 9100 روپے پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 2800 تا 4050 روپے جبکہ صوبہ پنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 8000 تا 9100 روپے پھٹی کا بھاؤ فی 40 کلو 2800 تا 4100 روپے صوبہ بلوچستان میں روئی کا بھاؤ فی من 7600 تا 8700 روپے رہا جبکہ پھٹی ختم ہوچکی ہے کپاس کی کم پیداوار کی وجہ سے بنولہ، بنولہ کھل، اور بنولہ تیل، کے بھاؤ میں اضافہ کا رجحان برقرار ہے ۔کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے اسپاٹ ریٹ میں فی من 50 روپے کی کمی کرکے اسپاٹ ریٹ فی من 8750 روپے کے بھاؤ پر بند کیا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چئیرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ بین الاقوامی کاٹن مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان ہے ۔نیویارک کاٹن مارکیٹ میں روئی کے بھاؤ میں امریکا اور چین کے مابین اقتصادی تنازعہ کے باعث اتارچڑھاؤ ہوتا رہتا ہے چین میں روئی کے بھاؤ میں ملا جلا رجحان جبکہ بھارت میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی بحرانی کیفیت کے سبب روئی کے بھاؤ میں گراوٹ کا رجحان برقرار ہے ۔ جمعرات کے روز امریکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حوصلہ افزا بیان دیا ہے کہ چین اور امریکہ کے درمیان طویل عرصے سے چلنے والے ٹریڈ وار کا جزوی فیصلہ ہوچکا ہے ۔ اس بیان سے دنیا بھر کی اقتصادی منڈیوں خصوصی طور پر اسٹاک ایکسچینجوں میں تیزی آگئی کاٹن مارکیٹیں بھی اثر انداز ہوئی نیویارک کاٹن کے وعدے کے بھاؤ میں فی پاؤنڈ 2 امریکن سینٹ کا اضافہ ہوگیا جسکے زیر اثر مقامی کاٹن مارکیٹ میں بھی روئی کی خریداری میں اضافہ ہوا۔