اسلام آباد ، لندن ( خبر نگار خصوصی، این این آئی ) آٹھ ستمبر کو وفات پانے والی ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات اور تدفین 19 ستمبر کو ہو رہی ہے ۔ ملکہ برطانیہ کی وفات پر پاکستان میں پیر کے روز یوم سوگ منایا گیا۔ پاکستانی پرچم سرنگوں رہا ۔ملکہ کا تابوت ہوائی جہاز کے ذریعے (آج)منگل کو لندن پہنچایا جائے گا۔شاہ چارلس نے 19 ستمبر کو برطانیہ میں بنک تعطیل کی منظوری دے دی۔ آخری رسومات میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے سربراہان مملکت کو مدعو کیا گیا ہے ۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے بادشاہ چارلس سوم کے لئے ان کے تخت برطانیہ پر فائز ہونے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے دعا کی کہ برطانوی عوام ان کے سخاوت سے بھرپور دور حکومت میں ترقی کی راہ پر گامزن رہیں۔ سپیکر کا برطانوی ہائی کمشنر سے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا برطانوی سفارتخانے میں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں ملکہ الزبتھ دوئم کی زندگی سے وابستہ اہم پہلوؤں پر اپنے تاثرات قلم بند کیے ۔ ملکہ کی وفات پر آسٹریلیا میں 22 ستمبر کو سوگ منایا جائے گا۔ آسٹریلوی وزیراعظم ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے ۔ کینیڈا میں پارلیمنٹ کا سیشن موخر کردیا گیا۔ ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سے شاہی خاندان کو دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات موصول ہورہے ہیں ۔بچوں نے ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے رائل پارکس میں پھولوں کے ساتھ ساتھ پیڈنگٹن ٹیڈی بیئرز اور سینڈوچ بھی لا کر رکھ دئیے ۔اس اقدام کی وجہ یہ ہے کہ ملکہ برطانیہ نے انتقال سے کچھ عرصہ پہلے اپنی پلاٹینیم جوبلی کے موقع پر پیڈنگٹن ٹیڈی بیئر کے ہمراہ ایک دلچسپ ویڈیو ریکارڈ کرائی تھی۔ برطانوی شاہ چارلس سوم نے منصب سنبھالنے کے بعد پارلیمنٹ سے پہلا خطاب کیا اور کہا ملکہ الزبتھ دوم کے نقشے قدم پر چلنے کا عزم کیا۔ انہوں نے کہا ملکہ الزبتھ دوم کی قائم کردہ مثال کی پیروی کروں گا۔ انہوں نے پارلیمنٹ کو بقا کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ ہماری جمہوریت کے زندہ اور سانس لینے کا ذریعہ ہے ۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی آئینی حکومت سے وابستگی کے اصولوں پرعمل پیرا رہوں گا۔ملکہ الزبتھ کے پالتو جانوروں کی ذمہ داری شہزادے اینڈریو اور ان کی سابقہ اہلیہ ڈچز آف یارک سارہ فرگوسن نے اپنے سر لے لی۔ ملکہ الزبتھ دوم کا 36 سال قبل لکھا گیا خفیہ خط اس وقت آسٹریلیا کے دارالحکومت سڈنی میں ایک تہہ خانے میں محفوظ ہے ۔ 1986 میں لکھے گئے اس خط کو وصیت کے مطابق 2085 میں کھولا جائے گا۔ یہ خط ایک خفیہ مقام پر شیشے سے تیار کردہ کیس میں چھپا ہوا ہے ۔ ملکہ نے اپنے دستخط شدہ خفیہ خط میں سڈنی کے لارڈ میئر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 2085 کے دوران کسی بھی مناسب دن پر کیا آپ براہ کرم اس لفافے کو کھول کر سڈنی کے شہریوں تک میرا پیغام پہنچائیں گے ؟۔ملکہ الزبتھ دوم کی میت کو ایڈنبرا کے سینٹ جائلز کیتھڈرل میں پہنچا دیا گیا جہاں دعائیہ تقریب ہوئی۔آج لندن میں بکنگھم پیلس میں لے جایا جائیگا۔