اسلام آباد، لاہور، ملتان ، کراچی، شیخوپورہ،ساہیوال، حافظ آباد، اوکاڑہ ،پنڈی بھٹیاں،گگو منڈی، سیالکوٹ، سرگودھا (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا وبا کے باعث چھ ماہ سے بند تعلیمی ادارے اور شادی ہالز کھل گئے ، سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے کالجز ، جامعات اور سکولوں میں نویں، دسویں جماعت کی تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا ، دوسری طرف شادی ہالز کھلنے پر ملازمین ایک دوسرے کو مٹھائی کھلاتے رہے ۔ پہلے روز طلبا و طالبات پرجوش دکھائی دئیے ۔ ماسک، ہینڈ سینی ٹائزر اور فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بھی ایک سکول کے دور ہ کے موقع پر کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کو پہلے وارننگ اور پھر بند کردیں گے ۔ وفاقی وزیر چودھری فواد حسین اورشبلی فراز نے اپنے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اﷲ کا شکر ہے کہ آج ہمارے بچے درسگاہوں میں واپس پہنچے ہیں۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ہر صورت احتیاط کریں۔صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن ملک ابرار حسین نے تعلیمی عمل کی بحالی کو خوش آئند قرار دیا ، لاہور میں سی ڈی جی ہائی سکول چونگی امرسدھو کے ایس ایس ٹی/ہیڈماسٹر اور گورنمنٹ این ڈی اسلامیہ بوائز ہائی سکول اچھرہ لاہور کے انچارج ہیڈماسٹر مقصود احمد کو ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر فوری معطل کر دیا ۔ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ کسی بھی کوتاہی کو معاف نہیں کیا جا سکتا ۔ لاہور کے بیشتر تعلیمی اداروں میں بچوں کو ایک ساتھ چھٹی دینے سے گیٹ پر رش رہا اور کورونا ایس او پیز کی کھلی خلاف ورزی کی گئی۔ پاکستان ریلوے کے بھی تمام سکول و کالجز کھل گئے ۔ ملتان ،شیخوپورہ، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں،گگومنڈی، ساہیوال،سیالکوٹ، اوکاڑہ و دیگر علاقوں میں بھی بچے خوشی خوشی ماسک پہن کر آئے ۔ کراچی فیڈرل بی ایریا کے نجی سکول میں اریبہ نامی طالبہ مبینہ طور پر سیڑھیوں سے گر کر جاں بحق ہوگئی ۔پولیس حکام کے مطابق ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا ۔ ادھر شادی ہالز کے داخلی راستوں میں سینیٹائزر رکھے گئے ۔شادی ہالز مالکان کے مطابق ایس اوپیز پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں گے ۔ ملک بھر تعلیمی ادارے ،شادی ہالز کھل گئے ، بچے پرجوش ، وزرا کے ہنگامی دورے ((کراچی میں پہلے ہی روزطالبہ جاں بحق ))