لاہور،اسلام آباد، دینہ ، کوئٹہ ، کراچی(اپنے سٹاف رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹر، کرائم رپورٹر، لیڈی رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز، نیوز ایجنسیاں) لاہور اور دیگر شہروں میں جمعرات کے روز سارا دن وقفہ وقفہ سے بارش ہوتی رہی، اس دوران بجلی کی بندش سے شہری شدید پریشان رہے ، لیسکو کے 60 فیڈر ٹرپ کر گئے ، معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئے ، مری، بالائی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں برفباری شروع ہوگئی، پہاڑوں نے سفید چادر اوڑ ھ لی، ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا، کراچی میں ہلکی اور تیز بارش ہوتی رہی، لاہور میں دن بھر وقفے وقفے بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا، آلودگی کی شرح میں بھی کمی آئی ، محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، بلوچستان، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع اور کشمیرمیں کہیں کہیں بارش ہوئی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے آج لاہور، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم ، سرگودھا، بھکر، خوشاب، میانوالی ، ساہیوال، اوکاڑہ، ملتان، خانیوال، شیخوپورہ ننکانہ صاحب، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہائوالدین ، نارووال، سیالکوٹ، فیصل آباد، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے اضلاع میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے ۔ بارش کے باعث لیسکو کے 60 سے زائد فیڈر ٹرپ کرگئے ، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ترجمان لیسکوکا کہنا تھا لیسکو فیلڈ سٹاف ہائی الرٹ ہیں ، وادی کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے پہاڑوں پر برفباری زیارت میں 8انچ سے زائد برفباری ہوئی، کوئٹہ کی پہاڑوں نے بھی سفید چادر اوڑھ لی ،زیارت،قلات اور پشین میں گیس نہ ہونے کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، شہر قائد میں لانڈھی، کورنگی، شارع فیصل، ٹیپو سلطان، گلشن اقبال اور ناظم آباد میں رات گئے سے ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہی،بارش سے پھسلن کے باعث حادثات سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے ، دینہ میں دو حادثات میں ہلاکتیں ہوئیں، 16 افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں میں سے 4کی حالت تشویشناک ہے ۔ قومی شاہراہ پر لاہور ،مراکہ ، چو ہنگ ، موہلنوال مانگا منڈی ، پھول نگر ، جمبر ، بہاولپور، احمد پور شرقیہ اور موسی وال، : چیچہ وطنی، کسوال ، ساہیوال ،اوکاڑہ ،پتوکی ،میاں چنوں، خانیوال، ملتان ، بستی ملوک اور لودہراں کے مقام پر بارش و ہلکی دھند رہی، ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق قومی شاہراہوں پر حد نگاہ 250 میٹر تک رہی ۔