لاہور(سٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب امیر العظیم نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں 7لاکھ ٹن گندم متاثر ہوئی ہے ، جس سے کاشتکاروں کو بھاری نقصان پہنچا ہے ۔ حکومت فوری طور پر کسانوں کے نقصان کاازالہ کرے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی متاثرہ غریب کاشتکار امداد سے محروم نہ رہے ۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ شعبہ زراعت سے وابستہ لوگوں کے مسائل دن بدن بڑھتے جارہے ہیں۔ زرعی تحقیقاتی مراکز کے غیر فعال ہونے کی وجہ سے فصلوں کے اہداف حاصل کرنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ وزیر اعظم نے کپاس کے حوالے سے ایک کروڑ 50لاکھ گانٹھوں کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ ملک بھر میں 70لاکھ ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت ہوتی ہے اور اس کی پیداوار میں مسلسل کمی ہورہی ہے جس کی وجہ سے ملک کو سالانہ 4سو ارب کا نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے ۔