لاہور(قاضی ندیم اقبال) کمیشن برائے اقلیتی امور کے سربراہ ڈاکٹر شعیب سڈل کا دورہ لاہور، متروکہ وقف املاک بورڈ کے اقلیتی اراکین سے تفصیلی ملاقات کر کے ہندو، سکھ ، عیسائی سمیت دیگر اقلیتوں کو درپیش مسائل اور مصائب کی بابت آگاہی حاصل کی اور قرار دیا ہے کہ ملک بھر میں بسنے والی اقلیتیں معاشرے کا اہم ترین جزو ہیں جو ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کرتی ہیں۔ کمیشن اپنی رپورٹ زمینی حقائق کے مطابق تیار کر کے عدالت عظمی کے روبرو پیش کرے گا ۔ذرائع کے مطابق یہ یقین دہانی انہوں نے گزشتہ روز اپنے دورہ لاہور میں متروکہ وقف املاک بورڈ میں شامل اقلیتی اراکین سے ملاقات میں کرائی۔سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل دئیے گئے یک رکنی کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر شعیب سڈل نے تقریبا 6گھنٹے تک متروکہ وقف املاک بورڈ کے ہیڈ آفس میں گزارے ۔ چیئر مین ڈاکٹر عامر احمد، سیکرٹری طارق وزیر سے ملاقات کے علاوہ بورڈ کے اقلیتی اراکین سے بھی خصوصی طور پر ملے ۔شعیب سڈل نے گزشتہ روز متروکہ وقف املاک بورڈ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا،اقلیتی ممبران سے ان کی عبادت گاہوں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش ، مذہبی رسومات کی ادائیگی کے حوالے سے آزادی کے علاوہ مندروں اور گورودواروں کے نام پر وقف اراضی پر قبضوں سمیت دیگر حوالوں سے بھی آگاہی حاصل کی ۔ڈاکٹر شعیب سڈل نے قرار دیا کہ دوران ملاقات جن مسائل اور مصائب کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ان کو مدنظر رکھ کر رپورٹ تیار کی جائے گی اور ہر نکتہ کو ذہن میں رکھتے ہوئے وہ اپنی سفارشات جلدسپریم کورٹ کے روبرو پیش کریں گے ۔