کراچی؍لسبیلہ(سٹاف رپورٹر؍ صباح نیوز؍ 92 نیوز رپورٹ) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ خوشی ہے کہ ہم ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھ رہے ہیں، غیر ملکی امداد پر انحصار نے ملک کو کمزور کردیا تاہم اب اﷲ کے کرم سے پاکستان صحیح راستے پر آ گیا، ہمارا ہدف سرمایہ کاری لانا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک روزہ دورے پر کراچی میں شپ یارڈ میں شپ لفٹ اینڈ ٹرانسفر سسٹم(ایس ایل اینڈ ٹی ایس) کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان نے کہا جس طرح ماضی میں ہم آگے بڑھ رہے تھے ، اپنے صلاحیت کے مطابق اپنی منزل نہیں حاصل کرسکے ۔انہوں نے کہا اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ ہم اپنی صلاحیت پر اعتماد رکھتے ہوئے اپنے پیروں پر کھڑے ہوکر آگے بڑھتے ، ہم آسان راستے پر چلے گئے اور درآمدات پر منحصر معیشت بن گئے ۔انہوں نے کہا ہمیں غیر ملکی امداد پر انحصار نے کمزور کر دیا ، بیساکھیوں پر چلنے والا اعتماد کھو دیتا ہے ، اس لئے ہمیں اپنی صلاحیتوں پر اعتماد ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا ہم نے اپنی قوت نہیں پہچانی، انسان میں یہ صلاحیت ہے کہ اپنے بازو سے بوجھ اٹھاتا رہے تو وہ مضبوط ہوگا ،اگر استعمال کرنا چھوڑ دے تو وہ ناکارہ ہوجائے گا ۔وزیر اعظم نے کہا قومیں بھی اس طرح ہوتی ہیں جو فیصلہ کرلیں کہ سب کچھ خود کریں گی تو اﷲ قوم کو مضبوط کردیتا ہے ۔عمران خان نے کہااب پھر سے کوشش ہورہی ہے کہ ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہوں۔انہوں نے کہا پاکستان سیدھے راستے پر آچکا، کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم سے کم ہوچکا ، اب ہمارا ہدف سرمایہ کاری لانا ہے ، منی لانڈرنگ روکنی ہے اور جو چیزیں درآمد کرتے ہیں، اس کی اپنے ہی ملک میں پیداوار کرنی ہے ۔عمران خان نے کہا برآمدات بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے اور منی لانڈرنگ روکنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا غریب ممالک کا مسئلہ ہے کہ ان کے کرپٹ حکمران پیسہ باہر بھیجتے ہیں، ہماری کوششوں سے ملک کا ریکارڈ خسارہ کم سے کم ہو گیا ہے ۔عمران خان نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ملک کی ترقی کراچی کی ترقی سے وابستہ ہے ،عوام کی مشکلات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے ، وفاقی حکومت کی جانب سے جاری منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل اور اعلان شدہ منصوبوں کا اجرا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،کراچی کے مسائل کے حل اور ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔عمران خان نے کہا کراچی کے شہریوں کو صاف اور وافر پانی کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے ۔وزیرِ اعظم نے تمام متعلقین کو جاری منصوبوں کو ٹائم لائنز کے تحت مکمل کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے بلوچستان کے شہر لسبیلہ کے قریب سونمیانی بیچ پر شجر کاری مہم کا افتتاح کرنے کے بعد پودے لگانے والے کارکنوں اور مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملکی تاریخ میں پہلی بار بلوچستان کی ترقی کے لئے ایک ہزار ارب روپے خرچ کررہے ہیں، ماضی کے حکمران بلوچستان کے بجائے لندن زیادہ جاتے رہے ، بلوچستان کے اپنے رہنمائوں نے بھی صوبہ کی ترقی پر توجہ نہیں دی، ہم اپنی روایات اور دین کے مطابق سیاحت کو فروغ دیں گے ، اسلامو فوبیا کی وجہ سے ہمارے مسلمان بھائی بہن اب یورپ سمیت ایسی کئی جگہوں پر نہیں جا پاتے جہاں وہ پہلے باآسانی چھٹیاں منانے جاتے تھے تو پاکستان میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ یہاں مسلمان ملکوں سے لوگ سیاحت کے لئے آئیں۔