لاہور،رائے ونڈ (اپنے رپورٹر سے ،نامہ نگار) رائے ونڈ میں پاکستان میں تیارہونیوالے پہلے الیکٹرک آٹو رکشہ کا افتتاح کردیا گیا،مشیروزیراعظم ، وفاقی وزیر برائے موسمیائی تبدیلی(ماحولیات) ملک امین اسلم نے الیکٹرک رکشہ چلا کر اس کا افتتاح کیا۔تقریب میں چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ زبیر گیلانی ، ایم پی اے میڈم رخسانہ نوید،حسن نثارجامی ، میڈم ناہید شاہ درانی اور عمررسول سمیت ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے شرکت کی ۔تقریب کے آغاز پر میاں اسد حمید نے کہا کہ ہم نے اپنی مددآپ کے تحت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ اور شور وغل سے پاک سستی پبلک سواری متعارف کر ائی ہے تاکہ پٹرول اور گیس کی آئے روز کی بندش اور مہنگائی کا مقابلہ کیا جاسکے ہمیں اس پلانٹ کی کامیابی کیلئے حکومت کا تعاون درکار ہے ، حکومت حوصلہ فزائی کرے تو آئندہ مہینوں میں الیکٹرک کار پلانٹ بھی تیاری کے آخری مراحل میں ہے بلکہ کئی قسم کی الیکٹرک کاریں تیار بھی کرلی گئی ہیں ۔ ملک امین اسلم نے اپنے خطاب میں کہا کہ الیکٹرک رکشہ تیارکرنا سازگارکا تاریخی کارنامہ ہے ،بلکہ یہ پاکستان کا مستقبل ہے ،حکومت ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں ساتھ دینے پر اس کمپنی کو ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی ، ملکی سرمایہ کاروں کی مقامی صنعت کاری میں شرکت کے بغیر ملک کی ترقی ادھوری ہے ، الیکٹرک پبلک ٹرانسپورٹ کے بعد حکومت سولر انرجی ٹرانسپورٹ بھی متعارف کر ارہی ہے ،جس کیلئے ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بورڈ آف انوسمنٹ کے چیئر مین زبیر گیلانی نے کہا ہے حکومت الیکٹرک و ہیکل میں سرمایہ کاری کے خواہشمند اندورنی اور بیرونی سرمایہ کاروں کی بھر حوصلہ افزائی کرے گی ۔