کوئٹہ (سٹاف رپورٹر+این این آئی) صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، جس طرح آزادی مارچ اور دھرنے کو افراتفری اور طاقت استعمال کئے بغیر ختم کرایا گیا اس پر حکومت کو مبارکباد دیتا ہوں، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ 2ماہ قبل طے ہوچکا، اس میں کوئی ابہام نہیں ۔گوادر پورٹ کی تکمیل سے بلوچستان میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، صوبے میں معدنیات، لائیوسٹاک، فشریز، سیاحت جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پیر کو کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر علوی نے کہا کہ کوئٹہ میں ایکسپو کانفرنس سے سرمایہ کارمتوجہ ہونگے ، پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ جب سے سکیورٹی صورتحال بہتراور ملک میں اچھی قیادت آئی ہے ، دنیا اسے اچھے اندازسے دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ملک ان گڑھوں میں گر رہا ہے جن سے پاکستان نکل چکا ہے ۔ ہم نے ملک کو منافرت کی سیاست سے پاک کردیاہے ۔عارف علوی نے کہا کہ نیب کوئی غیرقانونی کام کر رہا ہے تواسے سامنے لایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کیس سے نکلنے میں اللہ تعالیٰ مددکریگا۔قبل ازیں یونیورسٹی آف بلوچستان میں لائیو سٹاک کی ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ شعبہ لائیوسٹاک کی ترقی سے برآمدات میں اضافے ، غربت کے خاتمے اور ملکی معاشی استحکام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خوراک کی بے انتہا کمی ہے ، بچے غذائی کمی کا شکار ہیں۔ اب تک کی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ امیر، غریب اور مڈل کلاس خوراک کی کمی کا شکار ہے ۔