اسلام آباد(آن لائن ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے ۔ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے سفارتی سطح پر اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے ، اب یہ مسئلہ حل ہو کر رہے گا۔ گزشتہ روزصدرمملکت نے ایوان صدرمیں سابق وزیراعظم آزادکشمیربیرسٹرسلطان سے گفتگو میں کہا کہ خود بھی ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے آواز اٹھائونگا اورپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں بھی کشمیر پر بات کرونگا۔ بیرسٹر سلطان نے صدر مملکت کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔دریں نے نجی ٹی وی کوانٹرویومیں کہا کہ ہٹلرکی سوچ والوں سے دنیا شدید خطرے میں آسکتی ہے ،مودی سرکار اس آگ سے مت کھیلے یہ بڑی تباہ کن ہے ،مسئلہ کشمیرپرمتعددممالک کواپناحمایتی بناناپڑے گا،آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع مناسب فیصلہ ہے ،انہوں نے کہا کہ وہ ملک میں جاری احتساب کے عمل سے بالکل بھی مطمئن نہیں ،جتنا ملک میں کھایا گیا ہے اس سے کہیں زیادہ احتساب ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں اتنی کرپشن رہی ہے کہ اگر میں اپنی زندگی میں آپ کو گنوانا چاہوں کہ کہاں کہاں مجبوراً مجھے رشوت دینی پڑی تو سارا دن بیٹھ کر بتانا پڑے گا ،احتساب تو اﷲ میاں کے ہاں ہوگا یہاں تو پورا نہیں ہو گا لیکن بڑے لوگوں کو پکڑ کر بڑا احتساب تو کر لیں تاکہ لوگ ڈرنے لگیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان مسئلے کاحل پاکستان کے مفاد میں ہے ۔