اسلام آباد(خصو صی نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ آئندہ سال کے آخر تک ملک میں بیٹری سے چلنے والی بسیں لانچ کر ینگے ۔فوڈ، میڈیسن اور گلوبل بائیو ٹیکنالوجیز ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔ہیوی میکنیکل کمپلیکس کی طرز پر ہیوی ایگریکلچرل کمپلیکس قائم کرنے کا ارادہ ہے ۔جمعرات کو آل پاکستان بزنس فورم کے زیر اہتمام خوشحال پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستانی کاروباری افراد کا انحصار حکومتی سبسڈی پر ہے جبکہ جدید معیشتوں میں سبسڈیز پر انحصار کم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ٹیکنالوجی میں ہر روز جدت آ رہی ہے ، ہر روز بدلتی ٹیکنالوجی کہ وجہ سے ہم آنے والے پندرہ بیس سال کا نہیں سوچ سکتے ۔ ٹیکنالوجی میں پاکستان اب بہت سے ممالک سے پیچھے ہے لیکن 60 کی دہائی میں پاکستان سابق سویت یونین اور امریکہ کے بعد خلائی پروگرام شروع کرنے والا تیسرا ملک تھا ۔فواد چودھری نے کہا کہ کیمیکل انڈسٹری پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ کاروباری افراد بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔یونیورسٹی سطح پر ریسرچ کا کام جلد شروع ہو جائیگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آرمی کے پاس جدید ڈرونز ہیں لیکن اب ہم ڈرونز کو زرعی مقاصد کیلئے بروئے کار لانے پر کام کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم توانائی کا ایکو سسٹم تبدیل کر دینگے ۔