لاہور(کامرس رپورٹر، 92 نیوز رپورٹ) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ناموس رسالت کے مسئلے کا بہترین حل وہی ہے جو وزیراعظم عمران خان نے پیش کیا ہے رمضان المبار ک کے با برکت مہینے میں لا الہ الا اللہ کے نام پر بننے والے پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنے ، انتشار پھیلانے اور تقسیم کرنے کی سوچ کی کسی صورت حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ ہمارے کچھ نادان دوست ارادی یا غیر ارادی طور پر دشمن کے سوشل میڈیا کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ ملک کو رونا کے خلاف حالت جنگ میں ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت عوام کی زندگیوں اور مال و املاک کی حفاظت کے لیے کوشاں ہے ۔ کچھ شرارتی سیاست دان اور مذہبی رہنما اِس تشویشناک صورتحال کو مزید خراب کرنا چاہتے ہیں۔عوامی تعاون کے ساتھ ملک و قوم کے خلاف ہم ہر سازش کو ناکام بنائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صرف پاکستان کے بائیکاٹ سے مغرب کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، تمام مسلم ممالک کو اس بات پر اتفاق کرنا ہوگا کہ مغرب کو یہ متفقہ پیغام دیں کہ اگر کسی بھی ملک میں اس طرح کی گستاخی کی گئی تو ہم سب اس سے تجارتی تعلقات منقطع کریں گے تب جاکر انہیں احساس ہوگا۔